وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزِیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے ٹوئٹ پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
میڈیا کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے فواد چوہدری سے شکوہ کیا ہے کہ منگل کے روز کابینہ کے فیصلوں کے حوالے سے پریس کانفرنس جاری تھی اور آپ نے ٹوئٹ کر دیا، آپ کو ٹوئٹ نہیں کرنا چاہیے تھا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ کابینہ کے فیصلے جس کو بتانے کی ذمہ داری دی گئی ہے بہتر ہے وہ ہی بتائے۔
خبر رساں ایجنسی ’ آئی این پی‘ کے مطابق وفاقی وزیر سے رابطہ کیا گیا تو اُنہوں نے خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں ایسی کوئی بات نہیں ہوئی۔ وزیراعظم نے صرف ٹوئٹ کرنے کے وقت پر بات کی تھی۔
واضح رہے کہ فواد چوہدری نے گزشتہ منگل کو اس وقت ٹوئٹ کیا تھا جب وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کابینہ کے فیصلوں سے متعلق پریس کانفرنس کر رہی تھیں۔