• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رشمیکا منڈانا روزانہ 10 سے 15 بار محبت کا اظہار کرتی ہیں: وجے دیوراکونڈا

---فائل فوٹوز
---فائل فوٹوز

اداکار وجے دیوراکونڈا نے انکشاف کیا ہے کہ میری اہلیہ رشمیکا منڈانا روزانہ 10 سے 15 بار مجھ سے محبت کا اظہار کرتی ہیں، رشمیکا کا ماننا ہے کہ رشتے میں محبت کے اظہار کو کبھی نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔

بالی ووڈ اداکارہ رشمیکا منڈانا اور اداکار وجے دیوراکونڈا اپنی نئی فلم ’رنابالی‘ کی ریلیز کی تیاری کر رہے ہیں جو 16 اکتوبر کو سنیما گھروں میں پیش کی جائے گی، یہ فلم اس جوڑی کی شادی کے بعد پہلی مشترکہ فلم ہے۔

فلم کی ریلیز سے قبل دونوں نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں محبت اور ازدواجی زندگی کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔

رشمیکا نے کہا کہ انسان کو اپنے پیاروں کے لیے مسلسل کوشش کرتے رہنا چاہیے کیونکہ اکثر لوگ گھر والوں کے بجائے دوسروں کے لیے زیادہ کوشش کرتے ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ شادی کے کچھ عرصے بعد میاں بیوی ایک دوسرے سے روزمرہ کی چھوٹی چھوٹی باتیں کہنا چھوڑ دیتے ہیں جیسے کہ ’صبح بخیر‘، ’آپ کیسے ہیں؟‘ یا ’آپ کا دن کیسا گزرا؟‘، انہیں لگتا ہے کہ شریکِ حیات پہلے ہی سے سب جانتا ہے، اس لیے اظہار کی ضرورت نہیں لیکن وقت گزرنے کے ساتھ یہی چیزیں رشتے میں کمی محسوس ہونے کا باعث بنتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رشتہ کتنا ہی مضبوط کیوں نہ ہو، شادی ہو یا بچے بھی ہوں، ایک دوسرے کے لیے چھوٹی چھوٹی کوششیں جاری رکھنی چاہئیں، یہی محبت ہے کیونکہ محبت بظاہر بے تکلف ہونی چاہیے لیکن ایک دوسرے کے لیے یہ کام خوشی سے کرنا بھی ضروری ہے۔

وجے دیوراکونڈا نے رشمیکا کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ رشمیکا رشتوں کے معاملے میں مجھ سے زیادہ سمجھدار ہیں۔ 

انہوں نے بتایا کہ رشمیکا مجھے روزانہ کم از کم 10 سے 15 بار ’میں تم سے محبت کرتی ہوں‘ کہتی ہیں اور اس بات پر زور دیتی ہیں کہ محبت کا اظہار بھی ضروری ہے۔

وجے نے کہا کہ میں اپنی محبت کو مسلسل محسوس کرتا ہوں لیکن صرف یہ سوچنا کافی نہیں کہ سامنے والا پہلے سے ہی سب جانتا ہے تو اظہار کا کوئی فائدہ نہیں یا کہنے کی کوئی ضرورت نہیں، رشمیکا نے مجھے احساس دلایا ہے کہ زندگی کی مصروفیات میں انسان بعض اوقات محبت کے چھوٹے، سادہ مگر اہم اظہار کو بھول سکتا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فلم ’رنابالی‘ کی کہانی بھارتی تاریخ کے ایک انتہائی تاریک دور، 1876ء سے 1878ء کے دوران آنے والے تباہ کن قحط سے متاثر ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید