• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے کیسے ختم کئے جائیں؟

آنکھوں کے نیچے سیاہ حلقوں سے انسان ناصرف بیمار نظر آتا ہے بلکہ اُس کی خوبصورتی پر بھی اِس کا اثر ہوتا ہے اور اکثر لوگ سیاہ حلقوں کی وجہ سے پریشان رہتے ہیں تاہم گھریلو ٹوٹکوں سے اس مسئلے کا حل مُمکن ہے۔

آنکھوں کےنیچے سیاہ حلقوں کی وجہ نیند کی کمی اور کام کا دباؤ ہے بعض اوقات انسان پر کام کا دباؤ اِس قدر ہوتا ہے کہ اُس کا اثر انسان کی صحت پر ہوتا ہے، نیند پوری نہیں ہوتی جس کی وجہ سے سیاہ حلقے ہونا شروع ہوجاتے ہیں اور ایک وقت ایسا آتا ہے کہ یہ بہت زیادہ واضح نظر آنے لگتے ہیں۔

نیند کی کمی کے ساتھ پانی کی کمی بھی سیاہ حلقوں کی وجہ بنتی ہے، ڈاکٹرز کے مطابق دِن بھر میں تقریبا 10 سے 15 گلاس پانی پینا چاہیے، زیادہ پانی پینے سے جِلد تازہ اور نِکھری ہوئی لگتی ہے لیکن پانی کم پینے کی وجہ سے چہرہ بے رونق دِکھائی دیتا ہے۔

اِن سیاہ حلقوں سے نجات پانے کے لیے اب مہنگے کیمیکلز استعمال کرنے کے بجائے قُدرتی اور گھریلو ٹوٹکوں کاعمل کریں۔

 دس ایسے گھریلو ٹوٹکے ہیں جن سے آنکھوں کے نیچے موجود سیاہ حلقوں کو ختم کیا جاسکتا ہے۔

برف کا استعمال:

برف یا ٹھنڈے پانی کے استعمال سے آنکھوں کی سوجن کم ہوتی ہے اور ساتھ ہی آنکھوں کے گِرد خون کی گردِش کا عمل بھی تیزی سے ہوتا ہے، آنکھوں کے سیاہ حلقے ختم کرنے کے لیے برف کے ایک ٹکڑے کو کاٹن کے کپڑے میں لپیٹ کر آنکھوں کے نیچے آرام آرام سے رگڑیں، اس عمل کو روزانہ کچھ دیر کے لیے کریں لیکن اگر اِس سے آپ کی آنکھوں پر جلن ہو تو آپ روئی لے کر اُس کو ٹھنڈے پانی میں بِھگو کر آنکھوں کے اُوپر رکھ لیں، اس ٹوٹکے سے بھی سیاہ حلقے ختم ہونگے۔

ٹی بیگ:

آنکھوں کے سیاہ حلقے ختم کرنےکا دوسرا ٹوٹکہ ٹی بیگ ہے، چائے میں موجود اینٹی آکسیڈینٹ خون کی گردِش کو بہتر کرتا ہے، اس عمل کو کرنے کے لیے آپ دو بلیک ٹی یا گرین ٹی بیگ لے لیں اور5 منٹ کے لیے اُن کو گرم پانی میں بِھگودیں اور پھر اُس کے بعد  ٹی بیگز کو 15 سے 20 منٹ کے لیے ٹھنڈا کرنے کے لیے فریج میں رکھ دیں۔جب ٹی بیگز ٹھنڈے ہوجائیں تو اُن کو 15 سے 20 منٹ کے لیے آنکھوں پر رکھ لیں، اِس ٹوٹکے کو کرنے سے نتائج اچھے ملیں گے۔

نیند پوری کرنا:

نیند کی کمی آنکھوں کے گِرد سیاہ حلقوں کی بنیادی وجہ ہے، سیاہ حلقوں کو ختم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ روزانہ کم از کم 8 گھنٹے کی نیند کی جائے۔

کھیرے:

کھیروں میں قُدرتی طور پر ٹھنڈک پائی جاتی ہے اور یہ آنکھوں کے سیاہ حلقے ختم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے، اِس عمل کو کرنے کے لیے کھیرے کے دو ٹکڑے لے کر 10 سے 20 منٹ کے لیےآنکھوں کے اُوپر رکھ لیں، اس ٹوٹکے کو زیادہ سے زیادہ کرنے سے سیاہ حلقے ختم ہوجائیں گے۔

گلاب کا عرق:

گلاب کا عرق بھی آنکھوں کے سیاہ حلقوں کو ختم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے، اس کا استعمال کرنے کے لیے روئی کی دو بالز بنا کر گلاب کے عرق میں بِھگو دیں اور پھر آنکھوں کے اُوپر رکھ لیں، اس سے آنکھوں کو سکون ملے گا اور سیاہ حلقے بھی ختم ہوں گے لیکن یاد رہے کہ اس ٹوٹکے کے استعمال سے پہلے گلاب کے عرق کو اپنے ہاتھوں پر لگا کر چیک کرلیں کہ اِس سے آپ کی جِلد کو کوئی نقصان تو نہیں ہوگا، اگر ہاتھ پر جلن ہو تو آپ یہ ٹوٹکہ کرنے سے گریز کریں۔

ٹھنڈا دودھ:

دودھ میں موجود لیکٹیک ایسڈ (Lactic Acid) آنکھوں کے گِرد پائی جانی والی جھریوں کو ختم کرتا ہے اور ساتھ ہی سیاہ حلقوں کو ختم کرنے میں بھی فائدہ مند ہوتا ہے۔

آنکھوں کے سیاہ حلقے دور کرنے کے لیے ٹھنڈے دودھ میں روئی کو بِھگو کر15 منٹ کے لیے آنکھوں پر رکھ لیں، بہتر نتائج کے لیے اس عمل کو ہفتے میں دو سے تین مرتبہ کریں۔

زیادہ تکیوں کا استعمال:

نیند پوری کرنے کے ساتھ ہی ضروری ہے کہ جب آپ سونے لگیں تو اپنے سر کے نیچے ایک سے زیادہ تکیے لگا لیں، سر اونچا کر کے سونے سے آنکھوں سے پانی نہیں نکلے گا اور اس سے سیاہ حلقے بھی نہیں ہونگے۔

ایلو ویرا جیل:

ایلو ویرا میں قُدرتی جادو پایا جاتا ہے، ایلو ویرا وٹامن ای سے بھر پور ہوتا ہے اس لیے یہ جِلدکی خوبصورتی کے لیے فائدہ مند ہوتا ہے، جِلد کے ساتھ آنکھوں کے سیاہ حلقے ختم کرنے کے لیے بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔

اِس ٹوٹکے کےلیے رات کو سونے سے پہلے ایلو ویرا جیل کو آنکھوں کے سیاہ حلقوں پر لگالیں اور صُبح اُٹھ کر مُنہ دھولیں، اس سے بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔

ٹما ٹر:

ٹماٹر میں بلیچنگ ایجنٹ پایا جاتا ہےجو جِلد کو دِلکش اور حسین بناتا ہے، آنکھوں کے سیاہ حلقے ختم کرنے کے لیے 10 منٹ کے لیے ٹماٹر کا جوس آنکھوں پر لگالیں اور پھر ٹھنڈے پانی سے مُنہ دھولیں، اِس عمل کو ہفتے میں دو سے تین بار کریں۔

پودینے کے پتے:

پودینہ قُدرتی طور پر ٹھنڈا ہوتا ہے، آنکھوں کے سیاہ حلقوں سے نجات پانے کے لیے پودینے کے چند پتوں کو کُچل کر کچھ دیر کے لیے سیاہ حلقوں پر لگالیں اور پھر ٹھنڈے پانی سے آنکھوں کو دھولیں، اِس ٹوٹکے کو زیادہ سے زیادہ کریں۔

تازہ ترین