بالی ووڈ کے سینئر اداکار نانا پاٹیکر نے اداکار پنکج ترپاٹھی کو فلم کالا میں چھوٹا سا کردار کرنے پر ڈانٹتے ہوئے کہا دوبارہ ایسا کردار کیا تو ماروں گا۔
یاد رہے کہ نانا پاٹیکر، رجنی کانت اور پنکج ترپاٹھی نے 2018 کی تامل فلم کالا میں ایک ساتھ کام کیا تھا۔
حال ہی میں ایک بھارتی میڈیا ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے 75 سالہ نانا پاٹیکر نے بتایا کہ جب انہوں نے پنکج ترپاٹھی کو فلم میں ایک بہت معمولی سا کردار کرتے دیکھا تو مذاق میں کہا کہ اگر دوبارہ ایسا کردار کرو گے تو میں تمہیں ماروں گا۔
نانا پاٹیکر کے مطابق اس پر پنکج نے کہا کہ وہ صرف اس لیے اس میں کام کرنے پر راضی ہوئے کیونکہ آپ (نانا پاٹیکر) اور رجنی کانت کے ساتھ کام کرنے کا موقع مل رہا تھا۔ اس پر نانا نے جواب دیا کہ پنکج آپ پہلے ہی ایک بڑے اداکار ہیں۔
نانا پاٹیکر نے کہا کہ وہ پنکج کو اتنا چھوٹا کردار کرتے دیکھ کر حیران تھے، شاید وہ کسی پولیس افسر کے کردار میں تھے۔ جس پر میں ان پر ناراض ہوا اور کہا تم بہت بڑے اداکار ہو، ہمارے ساتھ کام کر کے تم بڑے نہیں بنو گے، پہلے ہی بڑے ہو۔
فلم کالا ایک ایکشن ڈرامہ تھی جسے پا رنجیتھ نے ڈائریکٹ اور ونڈر بارز فلم نے پروڈیوس کیا تھا۔ اس میں ہما قریشی، ایسواری راؤ، سمپتھ راج، کے منکندھم، انجلی پٹیل اور روی کیل شامل تھے۔
جہاں تک کام کا تعلق ہے تو حال ہی میں نانا پاٹیکر او رومیو میں نظر آئے جسے وشال بھردواج نے ڈائریکٹ کیا۔ اس فلم میں انکے ساتھ شاہد کپور، ترپاٹھی دمری، دیشا پٹانی تمنا بھاٹیہ اور اویناش تیواڑی شامل تھے۔ انہوں نے انیل کپور کی فلم صوبیدار میں مختصر کردار بھی ادا کیا۔
اس کے علاوہ نانا پاٹیکر حال ہی میں سنکلپ نامی سیریز میں بھی نظر آئے، جو امیزون ایم ایکس پلیئر پر ریلیز ہوئی۔ اسے پرکاش جھا نے ڈائریکٹ کیا اور اس میں سنجے کپور، کبرا سیت، محمد ذیشان ایوب اور نیراج کابی بھی شامل تھے۔