• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی پہلی بار اولمپک شُوٹنگ مقابلوں میں رسائی


پاکستانی شُوٹر خلیل اختر نے آئندہ سال ہونے والے ٹوکیو اولمپکس میں پہلی بار شُوٹنگ کے مقابلوں میں رسائی حاصل کرلی اور ساتھ ہی  پہلے پاکستانی ہونے کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا۔

خلیل اختر نے برازیل کے شہر ریوڈی جنیرو میں منعقدہ عالمی شُوٹنگ اسپورٹس فیڈریشن (آئی ایس ایس ایف)کے مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

انہوں نے ریپڈ فائر پسٹل ایونٹ میں بہترین کارکردگی پیش کرتے ہوئے چھٹی پوزیشن حاصل کی اور ٹوکیو اولمپکس میں جگہ بنالی۔

راجن پور سے تعلق رکھنے والے پاکستان آرمی کے شُوٹر خلیل اخترچوتھے اسلامی یکجہتی گیمز میں بھی کانسی کا تمغہ حاصل کر چکے ہیں۔

ویڈیو پیغام میں خلیل اختر نے اپنی جیت پرخوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ وہ آئی ایس ایس ایف میں شُوٹنگ کوٹا جیتنے والے پہلے پاکستانی ہیں۔

اولپکس 2020 میں جگہ بنانے والے خلیل اختر  کا ویڈیو پیغام


انہوں نے اپنے مستقبل کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ وہ قطر میں ہونے والی ایشین چیمپئن شپ میں بھی حصہ لیں گے اس کے علاوہ بھی وہ عالمی مقابلوں میں شرکت کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

اولمپک مقابلوں میں شرکت کرنے والے خلیل اختر نے کہا کہ وہ ناصرف اولمپک گیمز میں شامل ہوں گے بلکہ پاکستان کے لیے میڈل جیتنے کی بھی بھرپور کوشش کریں گے۔

تازہ ترین