کراچی میں یوم دفاع و شہداءکے موقع پر شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پاک بحریہ کی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کی جانب سے منعقد کی گئی تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈر کراچی وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی تھے۔ تقریب میں شہداء کے لواحقین کی بڑی تعداد کو بھی مدعو کیا گیاتھا۔
اس موقع پر کمانڈر کراچی وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملکی دفاع میں شہداء کی لازوال قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ ملکی سرحدوں کا دفاع شہداء کے لہو سے ناقابل تسخیر بنتا ہے۔
ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ کمانڈر کراچی نے شہداء کے لواحقین کے عزم اور حوصلے کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
تقریب کے اختتام پر کمانڈر کراچی نے شہداء کے لواحقین سے فرداً فرداً ملاقات کی۔