لاہور ( پ ر) وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ڈینگی کنٹرول کی مہم محرم الحرام کی سرکاری چھٹیوں میں بلاتعطل جاری ہے۔ ڈاکٹر ہارون جہانگیر ڈی جی ہیلتھ اپنی ٹیم کے ہمراہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں جاری ڈینگی کنٹرول مہم کی ازخود نگرانی کر رہے ہیں۔اس سلسلے میں صبح شام کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کئے جاتے ہیں جس میں مختلف اقدامات کا تنقیدی جائزہ لے کر موقع پر ضروری ہدایات جاری کی جاتی ہیں۔ ڈی جی ضلع انتظامیہ کے علاوہ وفاقی علاقے کے متعلقہ اداروں سے بھی مسلسل رابطے میں ہیں اور ہر طرح کی تکنیکی اور انتظامی معاونت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ڈی جی ہیلتھ نے کہا کہ تمام اقدامات بغیر کسی سقم کے جاری ہیں اور ڈینگی کی صورت حال جلد بہتر ہو جائے گی۔ شہریوں سے درخواست ہے کہ ڈینگی ٹیموں سے تعاون کریں اور کسی علاقے میں ڈینگی کا مریض کنفرم ہوا ہو اور ٹیمیں ابھی تک نہ پہنچ سکی ہوں تو 080099000پر مفت کال کرکے اطلاع دیں۔