• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہروقت ہرجگہ مصباح، صبح پریکٹس دیکھی، شام میں وکٹوں کا جائزہ لیا

کراچی(عبدالماجد بھٹی/اسٹاف رپورٹر) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق اس وقت ہر مرض کا علاج دکھائی دیتے ہیں۔

صبح سے شام تک ہر جگہ دکھائی دیتے ہیں۔ قائد اعظم ٹرافی شروع ہونے سے قبل وہ صبح ٹیموں کا پریکٹس سیشن دیکھنے پہنچ گئے شام کو انہوں نے قذافی اسٹیڈیم میں پچوں کی تیاری اور معیار کا بھی جائزہ لیا۔

ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیڈ کوچز اور منیجرز سے مل کر مصباح الحق نے فٹنس اور ڈسپلن قائم کرنے پر خصوصی زور دیا ۔

کوچز اور منیجرز کو تنبیہہ کی کہ کھلاڑی کتنا ہی با اثر کیوں نہ ہو اگر کوئی ڈسپلن توڑتا ہے تو اس کی رپورٹ پی سی بی کو کریں اگر کوئی کھلاڑی اپنے اثر و رسوخ سے بچنے کی کوشش کرتا ہے تو مجھے بتائیں ، میں بورڈ سے بات کروںگا۔

کارروائی کے لئے وزیر اعظم عمران خان سے بھی بات کرنا پڑی تو گریز نہیں کروں گا۔ ذرائع کے مطابق مصباح الحق نے کہا کہ اسپنرز کو کھیلنا ہمارے بیٹسمینوں کے لئے بڑی خامی بن گیا ہے۔

اس لئے سرکٹ میں جتنے اسپنرز ہیں انہیں طلب کر لیا گیا ہے تاکہ بیٹسمین انہیں کھیل کر اپنے اعتماد میں اضافہ کریں۔ ٹیم کے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں۔ جو فٹنس، ڈسپلن کے ساتھ کارکردگی میں آگے ہوگا وہ ہماری ترجیحات میں شامل ہوگا۔

مصباح نے کرکٹرز کو تلقین کی کہ محنت کو عادت بنالیں۔ کوئی مسئلہ ہو تو کوچز سے بات کریں اور مجھ سے رابطہ کریں۔ پرفارمنس کے ساتھ فٹنس اور ڈسپلن ٹیم میں آنے کی واحد کنجی ہے۔

تازہ ترین