• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کمیونٹی یورپی ارکان پارلیمنٹ کو مسئلہ کشمیر اٹھانے کیلئے متحرک کرے، راجہ نجابت حسین

برسلز (آصف محمود براہٹلوی) مسئلہ کشمیر پر یورپی پارلیمنٹ میں لابنگ جاری ہے۔ یورپی پارلیمنٹ میں فرینڈز آف کشمیر گروپ کی چیئرپرسن و ممبران سے جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین، سیکرٹری جنرل محمد اعظم نے ملاقاتیں کی ہیں۔ یورپی پارلیمنٹ میں کشمیر کے حوالے سے سرگرمیوں، ممبران پارلیمنٹ کو لابنگ کرنے سمیت دیگر امور پر غور کیا گیا۔ یورپین پارلیمنٹ میں فرینڈز آف کشمیر گروپ کی چیئر پرسن ایم ای پی اینتھیا میکنٹائر، ممبر یورپی پارلیمنٹ ایم ای پی شفاق محمد، ممبر یورپی پارلیمنٹ ایم پی ٹریسا گرفن سے ملاقات میں تحریک حق خود ارادیت کے چیئرمین و سیکرٹری جنرل نے کشمیر کے حوالے سے مستقبل کی سرگرمیوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ فرینڈز آف کشمیر گروپ کے ممبران یورپی پارلیمنٹ کی کوششوں سے یورپی پارلیمنٹ میں 17ستمبر کو کشمیر پربحث کی جائے گی۔ اس سے قبل مسئلہ کشمیر یورپی پارلیمنٹ کی خارجہ امور اور انسانی حقوق کی کمیٹیوں میں زیر بحث لایا گیا ہے لیکن اب پہلی بار یورپی پارلیمنٹ کے جنرل اجلاس میں مسئلہ کشمیر زیر بحث آئے گا۔ تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کا وفد جنیوا میں انسانی حقوق کونسل کے 42ویں اجلاس میں شرکت کے بعد برسلز یورپی پارلیمنٹ پہنچ گیا ہے۔ اس موقع پر فرینڈز آف کشمیر کی چیئر پرسن ایم ای پی اینتھیا میکنٹائر، ایم ای پی ٹریسا گرفن، ایم ای پی شفاق محمد نے راجہ نجابت حسین اور محمد اعظم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں انسانی حقوق، کشمیریوں کے حق خودارادیت اور خطہ میں امن اور استحکام کے لئے کوشش کی جائے گی۔ یورپین پارلیمنٹ میں فرینڈز آف کشمیر کے ممبران کشمیر کی صورتحال پر دیگر ممبران کو بھی اپنے ساتھ ملانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تحریک حق خود ارادیت کے عہدیداروں کے ساتھ برطانیہ اور یورپ میں ہر سطح پر تعاون اور کام کریں گے۔ 17ستمبرکو یورپی پارلیمنٹ میں بحث کے لئے تحریک جمع ہو گئی ہے۔ اس موقع پر تحریک حق خودارادیت انٹر نیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین اور محمد اعظم نے یورپی ممبران پارلیمنٹ سے ملاقات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم یورپی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر کو زیر بحث لائے جانے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ فرینڈز آف کشمیر کے ممبران پارلیمنٹ کی کوششوں اور برٹش و یورپی کشمیریوں کی لابنگ سے یہ نتائج مل رہے ہیں۔ راجہ نجابت حسین نے یورپ میں مقیم تمام کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے مقامی ممبران یورپی پارلیمنٹ سے ملاقاتیں اور لابی کر کے انہیں کشمیر کے حوالے سے یورپی پارلیمنٹ میں آواز بلند کرنے، 17ستمبر کی بحث میں حصہ لینے اور فرینڈز آف کشمیر گروپ سے تعاون کے لئے قائل کریں۔ تحریک کے چیئرمین راجہ نجابت حسین نے برطانیہ کی لبرل ڈیمو کریٹ پارٹی کی سالانہ کانفرنس میں کشمیر موشن پیش کرنے کا بھی خیرمقدم کیا اور دیگر پارٹیوں لیبر پارٹی اور کنزرویٹو پارٹی کی سالانہ کانفرنسوں میں بھی پروگرامات اور مظاہروں کے انعقاد کا پروگرام ترتیب دیا۔ تحریک حق خود ارادیت کا وفد راجہ نجابت حسین، محمد اعظم کی قیادت میں یورپی پارلیمنٹ کے سیشن میں شرکت کے ساتھ ساتھ ممبران یورپی پارلیمنٹ اور یورپی ممالک کے مندوبین سے ملاقاتیں اور لابنگ کرے گا۔

تازہ ترین