بریڈ فورڈ (نمائندہ جنگ) ڈیوز بری میں ٹاؤن ہال کے باہر کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے مظاہرے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، مظاہرے کے منتظمین نے امید ظاہر کی کہ ڈیوز بری کی تاریخ کا ایک بڑا مظاہرہ ہو گا۔ 14 ستمبر بروز ہفتہ دن12بجے شروع ہونے والے مظاہرے میں کمیونٹی سے بھرپور شرکت کی اپیل کی گئی ہے، معروف سیاسی سماجی رہنماؤں چوہدری محمد فاضل، حافظ محمد عظیم، چوہدری ساجد شریف، قاری مرتضی، چوہدری امجد ولی، چوہدری تاج اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ آج ایک ماہ سے زیادہ عرصہ گزر گیا ہے مواصلاتی نظام معطل کر کے کشمیریوں پر ظلم اور بربریت کو چھپایا جارہا ہے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کی آڑ میں بھارت مقبوضہ کشمیر میں بدترین انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے جس پر ابھی تک اقوام عالم نے نوٹس نہیں لیا مظاہروں کا مقصد عالیٰ دنیا کے ضمیر کو جگانا ہے۔