• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ کے دور میں پنجاب پولیو فری تھا، سائرہ افضل تارڑ

ن لیگ کے دور میں پنجاب پولیو فری تھا، سائرہ افضل تارڑ


سابق وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ ن لیگ کے دور میں پنجاب پولیو فری تھا، آج پاکستان میں انسداد پولیو پروگرام انتشار کا شکار ہے۔

سائرہ افضل تارڑ نے ن لیگی ترجمان مریم اورنگزیب اور ن لیگی دور حکومت میں فوکل پرسن برائے انسداد پولیو مہم سینیٹر عائشہ رضا فاروق کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔

انہوں نے کہا کہ آج کی پریس کانفرنس وزیراعظم عمران خان کے لیے کر رہے ہیں کیونکہ انہیں ہر چیز ٹی وی سے پتا چلتی ہے، امید ہے وہ ہماری باتیں سن کر ایکشن لیں گے۔

مسلم لیگ نے ملک میں بڑھتے پولیو کیسز پر تشویش کا اظہار اور وزیراعظم عمران خان سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ پولیو کی تشویشناک صورتحال ہے، ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کا بیڑہ غرق ہوچکا ہے، پولیو پروگرام پر سیاست کرنا حرام ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ معیشت کا بیڑا غرق ہو گیا، صحت اور تعلیم کا بھی برا حال ہے، پولیو پر ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ کی رپورٹ حکومت کے منہ پر طمانچہ ہے، پی ٹی آئی کا جھنڈا اٹھا کر پولیو کا خاتمہ نہیں ہو سکتا۔

سابق وزیر صحت نے مزید کہا کہ وفاق کی صوبے اور صوبے کی ضلعی حکومت سے کوئی کوآرڈینشن نہیں، پولیو پروگرام کو پاکستان کا پروگرام بنایاجائے، پی ٹی آئی کا نہیں۔

سائرہ افضل تارڑ نے یہ بھی کہا کہ پولیو ہمارے بچوں کی صحت کا معاملہ ہے اس پر سب مل کر کام کریں یہ حکومت اکیلے کچھ نہیں کر سکتی، یہ حکومت اکیلے اپنی کابینہ کا وزیر نہیں رکھ سکتی تو اور کیا کرے گی۔

سینیٹر عائشہ رضا فاروق نے کہا کہ ہم نے حکومت چھوڑی تھی تو پولیو کے صرف 3 کیس تھے اب 62 ہیں۔

‎ انہوں نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ کو منظر عام پر نہیں لایا گیا، ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ رپورٹ کہتی ہے کہ پاکستان پولیو پروگرام کی وجہ سے عالمی ترقی کو رسک ہے، مجھے ڈر ہے کہ اس مسئلے کی وجہ سے سفری پابندیاں نہ لگ جائیں۔

تازہ ترین