• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کیخلاف ہتک عزت اور ہرجانہ کیسز کی سماعتیں ملتوی

لاہور / پشاور (نمائندگان جنگ) وزیراعظم عمران خان کیخلاف ہتک عزت اور ہرجانہ کیسز کی سماعتیں ملتوی کردی گئیں ، لاہور کی سیشن کورٹ نے نجم سیٹھی سے دوبارہ جواب طلب کرلیا جبکہ پشاور کی عدالت میں عمران خان کے وکیل نے جواب جمع کروادیا۔ تفسیلات کے مطابق لاہور کے ایڈیشنل سیشن جج محمد امجد خاں کی عدالت میں وزیراعظم کی جانب سے ساجد منور قریشی ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ وزیراعظم کی دعویٰ خارج کرنے کی درخواست پر نجم سیٹھی نے جواب جمع نہ کروایا۔عدالت نے نجم سیٹھی کو دوبارہ جواب جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 2 اکتوبر تک ملتوی کردی۔درخواست گزار نجم سیٹھی نے اپنے دعویٰ میں موقف اختیار کیا تھا کہ عمران خان نے نگران وزیر اعلیٰ بننے پر مجھ پر سخت الزامات عائد کیے تھے عمران خان نے 2013 کے الیکشن میں دھاندلی کا الزام بھی عائد کیا تھا ان الزامات سے میری شہرت متاثر ہوئی۔اس لیے عدالت عمران خان کو سو کروڑ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے۔ ادھر پشاور کے ایڈیشنل سیشن جج عبدالماجد نے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف دائر ہرجانہ کیس میں عمران کان کی جانب سے جواب جمع ہونے کے بعد کیس کی سماعت پانچ اکتوبر تک ملتوی کردی ۔ گزشتہ روز جب عدالت نے عمران خان ہرجانی کیس کی سماعت شروع کی تو اس دوران عمران خان کے وکیل حبیب قریشی عدالت میں پیش ہوئے اور عدالت میں جواب جمع کردیا ۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور وزیر اعظم عمران خان کے خلاف دو سابق صوبائی اسمبلی کے ممبران ممبر فوزیہ بی بی اور عارف یوسف نے پارٹی سے نکالنے اور پریس کانفرنس میں بے جا الزامات لگانے کے بعد ہتک عزت کا دعوی کیا ہے جو عدالت میں زیر سماعت ہے۔
تازہ ترین