کراچی(جنگ نیوز)سینئر تجزیہ کار حسن نثار نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے پنجاب میں جس طرح ڈینگی پر قابو پایا تھا ان کی تعریف کرناہو گی، شہباز شریف ڈینگی پر سواری کر رہا تھا جبکہ ڈینگی موجودہ حکومت پر سواری کررہا ہے،ڈینگی پر قابو پانے کیلئے شہباز شریف کے ساتھ کام کرنے والے لوگوں کو بلانا پڑے تو بلا لیں کیا فرق پڑتا ہے تبدیلی کی بات صرف نعرے ہیں کوئی سوچی سمجھی بات نہیں ہوتی، انہیں پتا ہی نہیں تبدیلی ہوتی کیا ہے۔وہ جیو نیوز کے پروگرام ”میرے مطابق“ میں میزبان شجعیہ نیازی سے گفتگو کررہے تھے۔حسن نثار نے مزید کہا کہ ’’پاکستانی بنو پاکستانی چیزیں خریدو‘‘نعرہ اچھا مگر قابل عمل نہیں ہے، یہاں بنتا ہی کیا ہے جو لوگ اس ملک کی بنی چیزیں خریدیں گے، یہ جذبہ خوبصورت ہے لیکن اس کیلئے محنت کرنی ہوگی اورٹیکنالوجی کے میدان میں اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔ ڈینگی سے پنجاب میں ہلاکتوں پر تبصرہ کرتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ شہباز شریف نے پنجاب میں جس طرح ڈینگی پر قابو پایا تھا ان کی تعریف کرنا ہوگی،۔سائنس و ٹیکنالوجی پر توجہ کی ضرورت کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے حسن نثار نے کہا کہ ہماری کسی معاملہ میں کوئی ترجیحات نہیں ہیں، عالم اسلام دو حصوں میں تقسیم ہے جس کے ایک حصے کو دولت کھارہی ہے۔