• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینئر صحافی کو دھمکیاں دینے والے شخص کو گرفتار کیا جائے،بی یو جے

کوئٹہ (آن لائن)بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کااجلاس منگل کو زیر صدارت قائم مقام صدرسلمان اشرف منعقد ہواجس میں گزشتہ روز سول سیکرٹریٹ میں سینئر صحافی خلیل احمد کے ساتھ ایک شخص کے دھمکی اورہتک آمیز رویہ کی شدید مذمت کی گئی اجلاس میں کہا گیا کہ مذکورہ شخص خود کو صوبائی وزیر صحت اور محکمہ صحت کاخاص نمائندہ گردانتا ہے اس نے ٹراما سینٹر میں سہولیات کے فقدان کے حوالے سے ایک خبر کو جواز بناکر سینئر صحافی خلیل احمد کے ساتھ نہ صرف غنڈہ گردی کی بلکہ سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں ۔اجلاس میں موقف اختیار کیا گیا کہ کسی بھی محکمہ یا فرد کے حوالے سے اخبارات میں شائع ہونے والی خبر پر اعتراض کا قانونی راستہ موجود ہے لیکن خبر پر کسی صحافی کو دھمکیاں دینا کسی صورت قابل قبول نہیں، صحافیوں کو اس قسم کی دھونس دھمکی دی جائے گی تواسکا راستہ روکنے کیلئے کبھی پہلے کوئی سمجھوتہ کیا ہے اور نہ ہی آئندہ کیا جائے گا اور یہ اختیار مذکورہ شخص کو بھی حاصل نہیں تھا حکومت بلوچستان ،محکمہ صحت اور سول ہسپتال انتظامیہ سے بلوچستان یونین آف جرنلسٹس مطالبہ کرتی ہے کہ وہ مذکورہ شخص کی محکمہ صحت کے حوالے سے حیثیت واضح کرےاس سے قبل بھی وہ ٹراما سینٹر کا ٹھیکیدار بن کر صحافیوں اورعوام کے ساتھ غیر مناسب رویہ اختیار کرتا رہا ہے، اجلاس میں مذکورہ شخص کے خلاف سول لائن تھانہ میں ایف آئی آر درج کرنے کے لئے دی جانے والی درخواست کا بھی جائزہ لیا گیا اور محکمہ پولیس سے مذکورہ شخص کی گرفتاری پر عملدرآمد کرانے کا مطالبہ کیا گیا ہے اجلاس میں واقعہ سے متعلق صحافی برادری کے آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا۔
تازہ ترین