• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دھرنا بہت دور، لگتا نہیں مولانا کے غبارے میں ہوارہےگی،فردوس عاشق

کراچی(جنگ نیوز)جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کا دھرنا ابھی بہت دور ہے،نہیں لگتا مولانا کے غبارے میں ہوا رہے گی،مولانا تنہا دھرنے کیلئے آئے تو قومی و بین الاقوامی حالات کا جائزہ لے کر حکومت اپنی ترجیحات طے کر یگی، عمران خان کو پتا ہے ان تلوں میں تیل نہیں، وزیراعظم نے اپوزیشن کو جو دعوت دی ہے وہ اپنی جگہ ہے۔مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا کہ حکومت نے اپنی ناقص پالیسیوں سے معیشت کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے، یہ حکومت مزید ایک سال رہ گئی تو کوئی حکومت لینے کیلئے تیار نہیں ہوگا۔جمعیت علمائے اسلام کے رہنما حافظ حمد اللہ نے کہا کہ موجودہ حالات میں اسلام، پاکستان اور جمہوریت سب خطرے میں ہیں،ن لیگ اور پیپلز پارٹی اپ نے کارکنوں کو منع کردیں پھر بھی ان کے کارکن ہمارے ساتھ ہوں گے۔ماہر معیشت مزمل اسلم نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں سے ایکسپورٹ میں بیس فیصد اضافہ ہوا ہے، امپورٹ کم ہوئی ہے اور مقامی طور پر متبادل چیزیں تیار ہونا شروع ہوگئی ہیں۔حافظ حمداللہ نے مزید کہا کہ اس ملک پر ایسا ٹولہ مسلط کردیا گیا ہے جس کا ایمان اور مذہب سیکولرازم اور فاشسٹ ہے لہٰذا ہم اسے حکومت نہیں کرنے دیں گے، دنیا اور قوم کان کھول کر سن لے ہم دھرنا بھی کریں گے، آزادی مارچ بھی کریں گے، کوئی اس کو مذہبی کارڈ کے نام پر بدنام کرنے کی کوشش نہ کرے،حکومت ناجائز ہے ،ملک میں نئے صاف و شفاف اور غیرجانبدار انتخابات ہونے چاہئیں،اسی لئے آزادی مارچ کرنے جا رہے ہیں، حکومت نے ایک سال میں جتنی غلطیاں کیں اس کے نتیجے میں معاشی تباہی اورعوام کی بدحالی ہوئی، یہ حکومت ملک پر مسلط کی گئی ہے جو پاکستان کی سا لمیت کیلئے نقصان دہ ہے یہاں ہونے والے فیصلے باہر سے نافذ کیے جاتے ہیں جن پر حکومت اپنے آقاؤں کو خوش کرنے کیلئے عمل کرتی ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد میں سیاسی، مذہبی ، سیکولر اور قومی جماعتیں شامل ہیں۔

تازہ ترین