• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

جیوفلمز ”ڈونکی کنگ “ اسپین میں بھی حکمرانی کیلئے تیار

جیوفلمز ”ڈونکی کنگ “ اسپین میں بھی حکمرانی کیلئے تیار


کراچی (محمد ناصر) پاکستان کی سب سے بڑی اور جیو کی پہلی اینی میٹڈ فلم ”دی ڈونکی کنگ“ نے برق رفتاری سے بین الاقوامی ناظرین کے دِلوں کو فتح کرنا شروع کردیا ہے۔

پاکستان اور کوریا کے سنیما گھروں میں بزنس اور کامیابی کے جھنڈے گاڑھنے کے بعد یہ فلم اب ”اسپین “ میں بھی اپنی حکمرانی کیلئے تیار ہے۔

یاد رہے کہ اس فلم نے کوریا میں ”کورین“ زبان میں ریلیز ہوکر بچوں اور بڑوں سمیت سب کے دِل جیت لئے ہیں۔ اب ڈونکی کنگ نے ”اسپین“ میں نظریں جمالی ہیں جہاں وہ ایک دو نہیں بلکہ تین مختلف زبانوں ”ہسپانوی، کیٹالن اور باسک “ میں ڈب ہوکر ریلیز کی جائے گی۔

یاد رہے کہ ”ڈونکی کنگ “ جنوبی کوریا میں ”کورین “ زبان میں ریلیز ہوکر پہلی پاکستانی فلم کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد اسپین میں بھی تین مختلف زبانوں میں ریلیز ہونے والی پہلی پاکستانی فلم ہوگی۔ پاکستان میں عید اور چھٹیوں کے بغیر بے شمار ریکارڈ بنانے والی ”ڈونکی کنگ“ 04 اکتوبر سے ”اسپین“ کے تمام بڑے شہروں کے سنیما گھروں میں نمائش کیلئے پیش کی جائے گی۔

”ڈونکی کنگ“ کی نمائش 50 سے زائد اسکرینوں پر متوقع ہے جس میں اسپین کے تمام بڑے شہر بارسلونا، میڈرڈ، والنسیا، سویلا، ملاگا اور دیگر شامل ہیں۔ دوسری طرف فلمی پنڈتوں کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر ”ڈونکی کنگ“ کا ریلیز ہونا پاکستان کی فلم انڈسٹری کیلئے بہت زیادہ فائدہ مند ہے۔ بچوں ، بڑوں، بزرگوں کیلئے بنائی گئی تفریح سے بھر پور فلم یقینا دُنیا بھر میں پاکستان کے امیج کو مزید بہتر بنائے گی۔

”جیوفلمز “ کی بلاک بسٹر مووی کے تخلیق کار عزیز جندانی بھی کوریا کے بعد اسپین میں اس فلم کی ریلیز پر بہت زیادہ خوش ہیں۔ یاد رہے کہ فقید المثال فلم کو ”جیوفلمز“ اور طلسمین اینی میشن اسٹوڈیوز کے اشتراک سے گذشتہ برس ریلیز کیا گیا تھا جس میں پاکستان کی فلم اور ٹی وی انڈسٹری کے نامور اداکاروں نے صداکاری اپنی کیلئے آوازیں دی تھیں اور اس فلم نے ملک بھر میں 25ہفتوں تک بڑے پردے پر راج کیا اور 24.75کروڑ کا شاندار بزنس کرنے کا بھی اعزاز اپنے نام کیا تھا۔

اُمید کی جارہی ہے کہ ”ڈونکی کنگ “ پاکستان ، کوریا اور اب اسپین میں بھی سب کا دِل بہلا کر پاکستانی سنیما کا نام روشن کریں گے۔

تازہ ترین