• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سری لنکن سیکورٹی کنسلٹنٹ کا نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ


سری لنکا ٹیم کی آمد سے قبل ان کے سیکورٹی کنلسٹنٹ کا شکاکولارتنے بھی کراچی پہنچ گئے۔

شکاکولارتنے نے پی سی بی کے سیکورٹی آفیسر کومل عثمان کے ہمراہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا دورہ کیا اور سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

سری لنکن ٹیم کل شام کراچی پہنچے گی، بدھ کو مُکمل آرام کے بعد پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں جمعرات سے ٹریننگ کا آغاز کریں گی۔

سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کی تیاری کیلئے نیشنل اسٹیڈیم میں تزین و آرائش کا کام تیزی سے جاری ہے، آج ہونے والی بارش کے باعث وکٹوں کے اسکوائر کو کور کردیا گیا جبکہ نیشنل اسٹیڈیم میں کمانڈ اینڈ کنٹرول روم بھی تیار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق پاک سری لنکا ون ڈے سیریز کے لیے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کام میں تیزی آگئی ہے، گراؤنڈ اسٹاف گراؤنڈ کو بہتر بنانے میں مصروف ہے، چیف کیوریٹر پی سی بی آغا زاہد کی نگرانی میں وکٹوں کی تیاری کا کام بھی آخری مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔

دوسری جانب اسٹیڈیم میں کمانڈ اینڈ کنٹرول روم قائم کردیا گیا جبکہ 80 سے زائد ہائی ریزولوشن کیمرے بھی نصب کردیئے گئے ہیں، جس کے بعد اسٹیڈیم کا کونا کونا اب کیمروں کی نظر میں ہوگا۔

انکلوژرز، گراؤنڈ، پویلین اور اسٹیڈیم کےاندرونی ایریاز کیمروں کی مکمل نگرانی میں ہوں گے، گراؤنڈ کےچاروں اطراف، ملحقہ سڑکیں اور عمارتیں بھی کیمرےکی آنکھ سے نہیں بچ سکیں گی، جدید کیمروں کےذریعے اسٹیدیم میں بیٹھےہرشخص کی نقل وحرکت مانیٹر ہوگی

کیمروں کی مدد سے اسٹیڈیم کے باہر سے گزرتی ایک ایک گاڑی کو بھی مانیٹر کیا جائے گا، 4 میگا پکسل کے حامل کیمرے رات کی تاریکی میں بھی ریکارڈنگ کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

کمانڈ اینڈ کنڑول روم کی نگرانی سیکورٹی ادارے کریں گے۔

پاک سری لنکا ون ڈے سیریز 27 ستمبر سے 2 اکتوبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شیڈول ہے۔

تازہ ترین