• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیفا نارملائزیشن کمیٹی رکن کرنل (ر) مجاہد ترین نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری کا عہدہ سنبھالتے ہی چھ سال سے قومی کوچنگ سرکٹ سے باہر ناصر اسماعیل کو ایشین فٹ بال کنفیڈریشن انڈر۔19 فٹ بال چیمپئن شپ کےلیے ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا ہے۔

اے ایف سی انڈر۔19 فٹ بال چیمپئن شپ کوالیفائنگ راؤنڈ 2 نومبر سے عراق میں شروع ہوگی۔

پاکستانی ٹیم گروپ اے میں میزبان عراق، عمان، فلسطین، کویت کے ساتھ شامل ہے۔

پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری کرنل (ر) مجاہد ترین فیفا کی جانب سے پاکستانی فٹ بال کے معاملات کے حل کے لیے پانچ رکنی کمیٹی میں شامل تھے۔

گزشتہ ہفتے فیصل صالح حیات گروپ کے جنرل سیکریٹری کرنل (ر) احمد یار لودھی کے عہدہ چھوڑنے کے بعد فیفا نے مجاہد ترین کو نیا سیکریٹری نامزد کیا تھا۔

فیفا کی نارملائزیشن کمیٹی نے جمعے کو فیفا فٹ بال ہاؤس لاہور کا باقاعدہ چارج بھی سنبھال لیا اور مجاہد ترین نے چیف ایگزیکٹو کے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی جانب سے پہلا آفیشل خط جاری کیا جس میں نومبر میں شروع ہونے والی اے ایف سی کوالیفائر کے لیے سید ناصر اسماعیل کو کوچ، محسن الحسنین کو اسسٹنٹ کوچ، جعفر خان کو گول کیپر کوچ اور محمد شاہد کو فزیو نامزد کیا ہے۔

کوچنگ کے لیے منتخب چار رکنی کمیٹی 3 اکتوبر سے11 نومبر تک اے ایف سی ایونٹ کے لیے ملک بھر سے ٹریننگ کیمپوں میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کے ٹرائلز لیکر 30 بہترین پلیئر اور 5 گول کیپرز کا انتخاب کرے گی۔

چھ سال بعد قومی کوچنگ کیمپ میں واپسی پر پاکستانی ٹیم کے کوچ ناصر اسماعیل نے جنگ سے باتیں کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیفا نارملائزیشن کمیٹی کی جانب سے اپنے اوپر کیے جانے والے اعتماد پر پورا اتروں گا۔

اس سے قبل بھی میں انڈر 13، 16 اور 19 کا کوچ رہ چکا ہوں جبکہ قومی ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ کی حیثیت سے غیرملکی کوچز کے ساتھ بھی کام کرچکا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اے ایف سی کوالیفائر کیلئے کم وقت میں اپنی بھرپور کارکردگی دیں گے اور ہر ہر کھلاڑی کا میرٹ پر انتخاب کرکے بہترین اور مضبوط ٹیم ترتیب دیں گے۔ گزشتہ پانچ سال میں پاکستان فٹ بال کا جو نقصان ہوا ہے وہ سب کے سامنے ہے۔ انشاء اللہ مستقبل میں کسی کھلاڑی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی جو اچھا کھیلے گا ٹیم کا حصہ ہوگا۔

تازہ ترین