• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی:کرنٹ لگنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی

کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 6 ہوگئی۔

سائٹ ایریا، اورنگی ٹاؤن، موسیٰ کالونی اور ہجرت کالونی میں کرنٹ لگنے کے واقعات میں6 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

جمعہ کی نماز کے بعد گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کے باعث سڑکوں پر کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا جبکہ کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔

ریسکیو حکام کے مطابق سائٹ ایریا میں ہوٹل پر بیٹھے 2 افراد پر بجلی کا تار ٹوٹ کرگرا، جس کے نتیجے میں دونوں موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

کرنٹ لگنے کا دوسرا واقعہ اورنگی ٹاؤن میں پیش آیا، جہاں ایک شخص کرنٹ لگنے سے جان کی بازی ہار گیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق موسیٰ کالونی کے قریب ایک گھر میں کرنٹ لگنے لگنے سے دو افراد جاں بحق ہوئے جبکہ ہجرت کالونی میں 8 سالہ بچہ کرنٹ لگنے کے نتیجے میں دم توڑ گیا۔

کرنٹ لگنے کے واقعات کے ساتھ کے الیکٹرک کا سسٹم پانی کا چھینٹا گرتے ہی بیٹھ گیا، شہر میں 300 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے۔

ڈیفنس، کلفٹن، دہلی کالونی، پنجاب کالونی، صدر، کورنگی، شاہ فیصل، ملیر، گلشن اقبال، گلستان جوہر، پی آئی بی، ایف بی ایریا، اورنگی ٹاؤن اور بلدیہ ٹاؤن سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہم معطل رہی۔

یاد رہے کہ کراچی میں جولائی کے آخری ہفتے سے شروع ہونے والی مون سون بارشوں میں کرنٹ لگنے کے واقعات میں 30 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

تازہ ترین