وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے شہباز شریف سے اپنے رابطوں کا انکشاف کردیا۔ وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن دھرنے کے فیصلے پر نظرثانی کریں۔
وزیراعظم کی اقوام متحدہ میں تقریر کے حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے ناموس رسالت اور کشمیر کا کیس کامیابی سے لڑا۔
وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں وزیر اعظم عمران خان کی تقریر کو تاریخی قرار دیا اور کہا کہ ماضی میں کشمیر کے موضوع پر ملی بھگت سے تقاریر ہوتی رہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اب جنگ ہوئی تو وہ آخری جنگ ہوگی۔
شیخ رشید احمد نےکہا کہ سی پیک ختم ہوا، نہ ہوسکتا ہے، وزیر اعظم اگلے ماہ چین کے دورے کے دوران ایم ایل ون پر عمل درآمد پر بات کریں گے۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی دھرنا آگے لے جانے کی تاریخیں دے رہےہیں، اس لیے مولانا فضل الرحمٰن سےکہا ہے کہ وہ فیصلے پرنظر ثانی کریں، نواز شریف اور زرداری قیدی ہیں، مگر ان سے سڑکیں نہیں بنوائیں گے۔
انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ شہبازشریف سے ان کا رابطہ ہے۔
شیخ رشید نے مال گاڑیوں کے کرایوں میں 20 فیصد اضافے اور 15 اکتوبر سے جناح ایکسپریس کے ساتھ اکانومی کلاس کوچ شامل کرنے کا بھی اعلان کیا۔