• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین آج 70ویں سالگرہ پر جدید ترین جنگی سازو سامان کی نمائش کریگا

اسلام آباد (حنیف خالد)عوامی جمہوریہ چین کی 70ویں سالگرہ آج ہو گی جس میں چین کے صدر شی جن پنگ گرینڈ ملٹری پریڈ سے سلامی لیں گے اور اس موقع پرعالمی خطاب کرینگے۔ نیویارک ٹائمز نے اطلاع دی ہے کہ دارالحکومت بیجنگ کو تازہ پھولوں اور پودوں کے گملوں کے ساتھ 70ویں سالگرہ کے شایان شان سجا دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یکم اکتوبر کی گرینڈ ملٹری پریڈ میں عوامی جمہوریہ چین کی ملٹری نئے جنگی ہتھیار نمائش کیلئے رکھے گی۔ متوقع طور پر گرینڈ ملٹری پریڈ میں چینی جنگی ہتھیاروں کی نمائش میں DONG FENG-41ڈانگ41 فینگ انٹر کانٹی نینٹل بلاسٹک میزائل دنیا کے سامنے پیش کئے جانے کی توقع ہے جو ایک سے زائد نیوکلیئر وار ہیڈز لیکر ٹارگٹ کو تباہ کرنے کی صلاحیت کا حامل ہے۔ ڈانگ فینگ41 متعدد ایٹمی ہتھیاروں کے امریکہ تک پہنچ سکتا ہے۔ اس ملٹری پریڈ میں چین‘ سپرسانک ڈرونز‘ فائٹر جیٹ اور جدید ترین ٹینک بھی چینی اسٹیٹ میڈیا کے مطابق پوری دنیا کے سامنے نمائش کیلئے رکھے گا۔ آج یکم اکتوبر کی انتہائی اہم پریڈ میں چین کے صدر نے غیرملکی لیڈروں کو مدعو نہیں کیا‘ البتہ بیجنگ میں موجود غیرملکی سفیروں کو دعوت نامے پہنچا دیئے گئے ہیں۔ ریٹائرڈ چائنیز لیڈر سلامی کے چپوترے پر صدر شی جن پنگ کے ساتھ کھڑے ہونگے۔ ان میں چین کے سابق صدر یانگ ژیمن جن کی عمر 93سال ہے اور جو انتہائی ہشاش بشاش مصروف زندگی گزارنے کے ساتھ ساتھ گرینڈ ملٹری پریڈ کی تیاریوں کے سرخیل ہیں‘ چین کے عام شہریوں کو گرینڈ ملٹری پریڈ کے دعوت نامے جاری نہیں کئے گئے اس کیلئے بیجنگ کا لاک ڈائون ہو گا۔ چینی کمیونسٹ پارٹی ملک بھر سے اہم شخصیات کو اس گرینڈ ملٹری پریڈ کیلئے مدعو کرنے کا فیصلہ کر چکی ہے۔ جن کو دعوت نامے دیئے گئے ہیں۔ یکم اکتوبر سے ایک ہفتے تک چین میں قومی تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ہانگ کانگ میں بھی منگل یکم اکتوبر سے تعطیل ہو گی۔ چین میں گولڈن ویک تعطیلات کا یہ دوسرا حصہ ہے۔ اس موقع پر چین میں دنیا بھر کے لاکھوں سیاح سیاحتی مقامات پر پہنچ گئے ہیں۔ قومی دن کی تعطیلات کے خاتمے پر چین کی حکمران کمیونسٹ پارٹی اور چینی حکومت کئی ہفتے تک بیحد مصروف ہو گی۔ چینی مذاکراتی ٹیم اکتوبر کے اوائل میں امریکہ کے ساتھ تجارتی مذاکرات کیلئے واشنگٹن جانے کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ بتایا گیا ہے کہ چین کے صدر شی جن پنگ قومی دن کی گرینڈ ملٹری پریڈ کے بعد جنوبی امریکہ جائیں گے جہاں پر وہ برازیل میں BRICS SUMMITمیں شریک ہونگے اور اسکے بعد چلی میں APECکانفرنس میں اپنے ملک کی نمائندگی بھی کرینگے۔

تازہ ترین