مچھر بظاہر ایک چھوٹا سا اُڑنے والا کیڑا ہے لیکن کیا آپ جانتے ہیں عالمی ادارہ صحت کی جانب سے اس چھوٹے سے کیڑے کو ’’دنیا کا سب سے خطرناک جاندار‘‘ تسلیم کیا جاچکاہے؟ مچھر کی وجہ سے دنیا بھر میں ملیریا، ڈینگی اور مختلف ممالک میں زیکا وائرس جیسے امراض وبا کی صورت پھیل رہے ہیں اور ان بیماریوں کے نتیجہ میں ہر سال 10لاکھ سے زائد افراد موت کا شکار ہوجاتے ہیں۔
ان بیماریوں سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ کی رہائش گاہ، دفاتر، اسکول یا کام کرنے کی جگہ ان مچھروں سے پاک ہو۔ آئیے وہ نسخے یا طریقے جاننے کی کوشش کرتے ہیں جن کے ذریعے آپ اپنے گھر کو مچھروں سے محفوظ بنانے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔
کافی کے بیج
کافی کے بیج ایک آسان سا گھریلو ٹوٹکا ہے، جس کے ذریعے آپ اپنے گھر کو مچھروں سے نجات دلانے میں بآسانی کامیاب ہو سکتے ہیں۔ گھر میں جن جگہوں پر پانی موجودہو، مثلاً سوئمنگ پول ، پانی کی ٹنکیاں وغیرہ، وہاں کافی کے بیج ڈال دیں۔ آپ کایہ عمل پانی میں موجود مچھر کے انڈوں کو پانی کی اوپری سطح پر لے آئےگا اور وہاں آکسیجن کی کمی کے باعث یہ انڈے خود بخود ختم ہوجائیں گے۔
کافور
اگر آپ کے گھر میں مچھروں کی بہتات ہے توگھر کے دروازوں ، کھڑکیوں اور روشن دانوں کے پاس کافور جلا دیں اور 30منٹ کے لیے گھر کی تمام کھڑکیوں، دروازوں اور دیگر کھلی جگہوں کو بند کردیں۔ آدھا گھنٹے بعد جب آپ گھر میں داخل ہوں گے تو کافور کی مہک سے تمام مچھروں کو مردہ پائیں گے۔
بادرونہ کا تیل
مچھروں سے نجات حاصل کرنے کی غرض سے بادرونہ کے تیل (Citronella Oil)کا استعمال ایک بہترین نسخہ ثابت ہوسکتا ہے، جسے ایک کے بجائے مختلف صورتوں میں استعمال کیاجاتا ہے مثلاً
٭مچھر دور بھگانے کے لیے گھر میں بادرونہ کے تیل کا چھڑکاؤ کیا جاسکتا ہے۔
٭یہ تیل جسم پر بھی لگایا جاسکتا ہے۔
٭ کسی موم بتی یا چراغ میں ڈال کر روشنی کرنے سے بھی مچھر وں کو گھر سے دور بھگایا جاسکتا ہے۔
لیونڈر کا تیل
تازہ ترین تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ قدرتی ذرائع سے حاصل ہونے والے تیل بالخصوص لیونڈر کا تیل انسانی صحت کے لیے کئی طرح سے فائدہ مند ہیں۔ یہی نہیں لیونڈر کا تیل آپ کو مچھروں سے بھی محفوظ رکھنے میں مددگا ر ثابت ہوتا ہے۔
عام طور پر مچھر لیونڈر کے تیل کی خوشبو برداشت نہیں کرپاتے، لہٰذا آپ گھر کے کمروں میں اس تیل کا چھڑکاؤ کرکے گھر کو مچھروں سے محفوظ بناسکتے ہیں۔
پائن کی لکڑی
اگر ایک بار آپ اپنے گھر کے بیرونی حصوں میں پائن کی لکڑی جلالیں تو اس لکڑی کے جلنےسے پیدا ہونے والی بُو ہر قسم کے مچھروں کو ختم کرنے میں مدد دے سکتی ہے ۔
کالی مرچ
کالی مرچ ہر گھر میں موجود ہوتی ہے اور یہ ایک ایسا مسالہ ہے جس کا استعمال صحت مند طرز زندگی میں ضروری سمجھا جاتا ہے۔ کالی مرچ کا استعمال جہاں صحت کے لیے بہترین ہے، وہیں گھر کو مچھروں سے تحفظ فراہم کرنے میں بھی یہ معاون ہوتی ہے۔ جی ہاں !مچھروں کو گھر سے دور رکھنے کے لیے کونوں میں کالی مرچ رکھی جاسکتی ہے، یہی نہیں کالی مرچ کا اسپرے کرنا بھی مچھروں کو گھر سے دور رکھتا ہے۔
لہسن
لہسن کی بُو عام طور پر مچھروں کے لیے ناگوار ہوتی ہے، چنانچہ لہسن کو بھی مچھروں کے لیے زہر قاتل کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔ آپ لہسن کو کچل کراس میں پانی شامل کریں اور پھر کچھ منٹ کے لیے اُبال لیں۔ اس مرکب کو کمروں میں اسپرے کرنے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ لہسن میں پایا جانے والا سلفر کمپاؤنڈ مچھروں کو انسان پر حملہ آور ہونے سے روکتا ہے، لہٰذا مچھروں سے حفاظت کے طور پر لہسن کھایا بھی جاسکتا ہے ۔
روزمیری
روزمیری کا پودا اور اس کا تیل دونوں ہی حشرات کے حملے سے بچنے کے لیے انتہائی مفید ہیں۔ آپ اپنے گھر کو روز میری کے پودوں سے مہکا کر مچھروں سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔ روزمیری کی چندجھاڑیاں بمعہ پھول لے کر جلائیں، جس کے بعد آپ کا گھر مچھروں سے پاک ہوجائے گا۔
سویا بین تیل
سویا بین کا تیل مچھروں کی افزائش کی روک تھام میں مدددیتا ہے۔ اسےموم بتی میں ڈال کر روشن کرنے کے لیے بھی استعمال میں لایا جاسکتا ہے۔
لیمن گراس
لیونڈر، روز میری اور کالی مرچ کی طرح مکھیاں اور مچھر لیمن گراس کی مہک بھی پسند نہیں کرتے۔ آپ لیمن گراس کا تیل ان کیڑوں کو گھر سے دور رکھنے کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔ اس پودے میں موجود citronella مچھروں اور مکھیوں کو قریب نہیں آنے دیتی۔لیمن گراس اگر گھر میں بھی اُگایا جائے تو اس میں موجود لیموں کی خوشبو سے مچھر دور بھاگ جاتے ہیں۔