پاکستانی ڈیزائنر کے تیار کردہ ملبوسات، جیولری، بیگز اور دیگر اشیاء نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک بھی پسند کئے جاتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن بھی پاکستانی برینڈز کو پسند کرتی ہیں۔
لندن میں آغا خان سینٹر کے دورے اور پرنس کریم آغا سے ملاقات کے دوران برطانوی شہزادی جہاں اپنے لباس اور انداز سے توجہ کا مرکز بنی رہیں وہیں لباس کے ساتھ میچنگ ایئر رنگ بے حد پسند کئے گئے جو ایک نامور پاکستانی برینڈ کے ہیں۔
واضح رہے کہ برطانوی شہزادہ پرنس ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن 14 سے 18 اکتوبر کے دوران پاکستان کا دورہ کریں گے جو 2006ء کے بعد برطانوی شاہی خاندان کے کسی رکن کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔
2006ء میں شہزادہ چارلس اور کمیلا پارکر نے پاکستان کا دورہ کیا تھا، اس سے پہلے شہزادہ ولیم کی والدہ لیڈی ڈیانا 1996ء میں خیراتی کاموں کے سلسلے میں پاکستان آئی تھیں۔
ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم بھی پاکستان کا دورہ کرچکی ہیں۔
شہزادہ ولیم کا کہنا ہے کہ پاکستان جانے کے لیے بہت پُرجوش ہیں، وہ پاکستان کے خوبصورت مقامات کی سیر کرنا چاہتے ہیں۔