• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان 67 برس کے ہوگئے


وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے اپنی زندگی کی 67 بہاریں دیکھ لیں، آج وہ اپنا یوم پیدائش منا رہے ہیں ۔

وزیر اعظم کی سالگرہ منانے کے لیے عمران خان کے چاہنےوالے سوشل میڈیاپر انتہائی متحرک ہیں اور انہوں نے ٹوئٹر کے ٹرینڈ پینل پر 3 ٹرینڈز بھی سیٹ کر دیئے ہیں جن میں ’ہیپی برتھ ڈے خان صاحب‘ سر فہرست ہے۔

ٹرینڈز کے ذریعے کپتان کے مداح انہیں سالگرہ کی مبارکباد دے رہے ہیں اور اُن کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کر رہے ہیں۔

پانچ اکتوبر1952 کو لاہور میں پیدا ہونے والے عمران خان چار بہنوں کے اکلوتے بھائی ہیں انہوں نے ابتدائی تعلیم پاکستان میں ہی حاصل کرنے کے بعد برطانیہ کا رخ کیا۔

تعلیم کے حصول کے ساتھ ساتھ کرکٹ میں بھی خود کو منوایا اور اٹھارہ سال کی عمر میں پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم میں شمولیت اختیار کی۔

انٹرنیشنل کرکٹ کا آغاز برمنگھم میں انگلینڈ کے خلاف 1971سیریز سے کیا۔

ان کی قیادت میں پاکستانی کرکٹ ٹیم 1992 کے ورلڈکپ میں فتح یاب ہوئی۔

کینسر کے مریضوں کے لیے لاہور میں شوکت خانم میموریل اسپتال بنانا بھی ان کا کارنامہ ہے۔

عمران خان نے 25 اپریل 1996کو تحریک انصاف کی بنیاد رکھی۔ 2002 میں میانوالی سے ممبر قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔

اس سے قبل ان کی تاریخ پیدائش کچھ ابہام کا شکار تھی۔ ٹوئٹر پر پی ٹی آئی کے تصدیق شدہ اکاؤنٹ پر عمران خان کو سالگرہ کی مبارک دی گئی۔

جہاں کچھ حلقوں کے مطابق کپتان 25 نومبر کو پیدا ہوئے تاہم بعد میں اس کی تردید کرتے ہوئے بتایا گیا کہ عمران کی تاریخ پیدائش پانچ اکتوبر ہے۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اپنے لیڈر کو سالگرہ کی مبارکباد دی۔


وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امورِ نوجوانان عثمان ڈار نے بھی اپنے فیس بُک پیج پر عمران خان کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے لمبی عمر کی دعا دی۔

اعظم جمیل نے اپنے ٹوئٹ میں وزیر اعظم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 1962 میں عمران خان کی سالگرہ کی تقریب میں شرکت کرنا انہیں آج بھی یاد ہے۔

’ای ایس پی این کرک انفو‘ کے آفیشل اکاؤنٹ نے بھی عمران خان کو کرکٹ کا بہترین آل راؤنڈر قرار دیتے ہوئے سالگرہ کی مبارکباد دی۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھی عمران خان کے کرکٹ کیرئیر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے انہیں سالگرہ کی مبارکباد دی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ’اب تک کی سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے پاکستان کے تیسرے بڑے کھلاڑی، میچ جیتوانے والے آل راؤنڈر، ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے کپتان اور ہمارے وزیر اعظم  کو سالگرہ مبارک ہو‘۔

ایک صارف نے1985 کے جنگ  میگزین کے سرورق کی تصویر اپلوڈ کی۔

سرورق پر جلی حروف میں عمران خان کا قول ’خواہشات کم ہوں تو آدمی خوش رہتا ہے‘ لکھا ہوا ہے۔

تازہ ترین