سابق صدر پرویز مشرف کی صحت میں بہتری آئی ہے، جس کےبعد وہ بیرون ملک سے پارٹی کو ایک بار پھر متحرک کریں گے۔ پرویز مشرف فی الحال دبئی میں مقیم ہیں۔
ایک بھارتی ویب سائٹ کے مطابق پرویز مشرف کی جماعت آل پاکستان مسلم لیگ کے 6 اکتوبر کو یوم تاسیس کے موقع پر سابق صدر کی جانب سے سیاست میں واپسی کا اعلان متوقع ہے۔
پرویز مشرف 6 اکتوبر کو دبئی سے ویڈیو کال کے ذریعے پارٹی ارکان سے خطاب کریں گے۔
بھارتی ویب سائٹ نے اے پی ایم ایل کی جنرل سیکریٹری مہرین ملک کے حوالے سے بتایا کہ سابق صدر نے گذشتہ ماہ کے 12 دن لندن کے ایک اسپتال سے میڈیکل ٹریٹمنٹ لی ہے جس کے بعد وہ بہتر محسوس کر رہے ہیں اور دبئی میں اپنی رہائش گاہ واپس آگئے ہیں۔
مہرین ملک کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف نے دبئی واپسی کے بعد پارٹی عہدیداروں سے ملاقاتیں کی ہیں۔
جنرل سیکریٹری اے پی ایم ایل نے مزید بتایا کہ وہ ڈاکٹرز سے مشاورت کے بعد سیاسی سرگرمیاں مکمل طور پر شروع کریں گے، ڈاکٹرز کی ٹیم روزانہ اُن کا معائنہ کرتی ہے۔
مہرین ملک کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف اتوار کو اسلام آباد میں پارٹی کے 9 ویں یوم تاسیس کی تقریب سے ویڈیو کال کے ذریعے خطاب کریں گے۔