• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کشکول توڑ کر اسلامی معاشی نظام نافذ کریں، جماعت اسلامی

کوئٹہ(پ ر)جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا ہے کہ عوام کشمیریوں پر ہونے والے ظلم و جبر کی وجہ سے غم و غصہ میں ہیں لیکن حکومت عملاً کچھ کرنے کو تیار نہیں ۔ جماعت اسلامی نے کشمیری عوام پر مظالم کے خلاف ہر فورم پر اور چاروں صوبوں میں کشمیرمارچ کرکے ظلم وجبر کے خلاف آوازبلند کی ہم ظلم کے خلاف ہر فورم پر آوازبلند کر رہے ہیں بلوچستان کی مظلومیت کے حوالے سے بھی جماعت اسلامی کی جدوجہد سب سے زیادہ ہے جماعت اسلامی ہی بلوچستان کے مسائل حل کریگی ۔قوم جماعت اسلامی کا ساتھ دے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے ملاقات کے دوران گفتگومیں کہی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا طاقتوروں کی ہے بھیک ، قرضے اور رحم کی التجا کرنے والوں کو دنیا میں حمایت نہیں پشیمانی کا سامنا کرنا پڑتاہے ۔ وزیراعظم عمران خان جنرل اسمبلی میں اچھی تقریر کے بعد ریاست مدینہ طرز کا نظام نافذ کریں ۔ اسلامی قوانین کی حفاظت کا دو ٹوک اعلان کریں ۔ کشکول توڑ کر خود انحصاری پر مبنی اسلامی معاشی نظام نافذ کریں ۔ احتجاج کا حل سب کو آئین کے مطابق حاصل ہے حکومت غیر آئینی ، غیر جمہوری اور آمرانہ روش اختیار نہ کرے ۔ ملک میں آئینی، جمہوری ، پارلیمانی حدود کی ہر صورت سب کو پابندی کرنا ہوگی ۔ علما ء دین ، سیاستدان ، پولیس افسر شاہی ، عسکری قیادت اور تاجر اور سب سے بڑھ کر ہمارے دین و ایمان اور جسم و جان کے محافظ یکسو اور یک جان ہو جائیں ۔ جب تک ہم اسلامی تعلیمات پر عمل نہیں کریں گے اس وقت تک مسائل حل ہوں گے نہ ترقی وخوشحالی کاراستہ ہموار ہوگا ۔
تازہ ترین