• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

مودی نے اپنا آخری پتہ کھیل لیا ہے، وزیر اعظم عمران خان

اسلام آباد(نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مودی نے اپنا آخری پتہ کھیل لیا ہے‘مودی سمجھتا ہے کشمیر کے لوگ بھیڑ بکریوں کی طرح آرام سے مان جائیں گے لیکن ایسا نہیں ہوگا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیر کے عوام میں موت کا خوف ختم ہو گیا ہے‘جب کرفیو اٹھے گا تو لاکھوں لوگ باہر نکلیں گے اور یہ راستہ ان کی آزادی کا راستہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی‘ کشمیریوں کے حقوق کیلئے ہماری تحریک سمندر بن جائے گی۔

ملکوں کیلئے پیسہ انسانوں سے زیادہ اہم بن گیا ہے‘عالمی میڈیا نے دہرا معیار اختیار کر رکھا ہے‘ہانگ کانگ چین کا حصہ ہے مگر وہاں ہونے والے مظاہرے شہ سرخیوں میں پیش کئے جاتے ہیں مگر مقبوضہ کشمیر جو کہ متنازع علاقہ ہے وہاں قید 80لاکھ افراد ان کو نظرنہیں آتے ۔ 

وزیراعظم کا انسانی ہاتھوں کی زنجیر اور ریلی کے شرکاءسے خطاب

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے انسانی ہاتھوں کی زنجیر اور ریلی کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تفصیلات کے مطابق کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے وزیراعظم ہاؤس کے باہر انسانی ہاتھوں کی رنجیر بنائی گئی جس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، وفاقی وزراء اور وزیراعظم کے مشیر و معاونین خصوصی سمیت عوام کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ میں دنیا کے دوہرے معیار کو سامنے لانا چاہتا ہوں، یہ بات بڑی افسوسناک ہے کہ عالمی میڈیا ہانگ کانگ کے احتجاج کو تو شہ سرخیوں کے طور پر پیش کرتا ہے لیکن مقبوضہ کشمیر میں عورتوں، بچوں، بزرگوں اور بیماروں سمیت 80 لاکھ لوگوں کی کوئی کوریج نہیں کرتا۔ ہانگ کانگ تو چین کا حصہ ہے جبکہ مقبوضہ کشمیر تو بھارت کا حصہ بھی نہیں ہے۔

دریں اثناءعمران خان نے کہا ہے کہ عالمی میڈیا کشمیر میں انسانی حقوق کے سنگین بحران سے نظریں چرا رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک بیان میں کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ حیران ہیں کہ عالمی میڈیا ہانگ کانگ میں ہونے والے مظاہرہ پر تو شہ سرخیاں جماتا ہے مگر کشمیر میں انسانی حقوق کے سنگین بحران سے نظریں چرارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے‘انہوں نے کہا کہ دو ماہ سے زائد عرصہ سے ذرائع ابلاغ مکمل بند ہیں، بچوں اور سیاسی قائدین سمیت ہزاروں کشمیریوں کو قید خانے میں ڈالا گیا ہے، کشمیر میں انسانی المیہ جنم لے رہا ہے۔

انہوں نے کہ گزشتہ تین دہائیوں کے دوران کشمیری عوام اپنے حق خود ارادیت جس کا سلامتی کونسل کی قراردادوں میں ان سے وعدہ کیا تھا کے حصول کے لئے جدوجہد کررہے ہیں اور اب تک اس جدوجہد میں ایک لاکھ کشمیری شہید ہوچکے ہیں۔

تازہ ترین