مسلم ليگ نون کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان مذاکرات کی بات کرتے ہیں، مذاکرات صرف عمران خان کا استعفیٰ اور نئے انتخابات ہیں۔
نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال نے کہا کہ تمام جماعتیں حکومت کو رخصت کرنے پر متفق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بہتر ہے کہ حکومت خود اگلے سال عام انتخابات کا اعلان کرے، مولانا فضل الرحمٰن کے آزادی مارچ کی حمایت پوری اپوزیشن کرچکی ہے۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ حکومت چند غلط معلومات کے ذریعے یہ تاثر دے رہی ہے کہ نون لیگ تقسیم ہو گئی ہے، یہ تاثر غلط ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک بھر میں مسلم لیگ نون گلگت سے گودار اور نارووال سے کراچی تک میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں متحد ہے۔