• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منی گرام سے پاکستان بھیجی جانے والی رقم کسی بھی بینک سے وصول ہوسکے گی، معاہدہ طے پاگیا

لندن (سعید نیازی) دنیا بھر میں رقم کی ترسیل کیلئے بااعتماد ادارے منی گرام اور پاکستان کے 5ویں بڑے پرائیوٹ بینک کے درمیان معاہدہ طے پاگیا ہے جس کے بعد اب منی گرام کے ذریعے پاکستان بھجوائی جانے والی رقم کسی بھی بینک اکائونٹ سے وصول کی جاسکے گی۔ معاہدے پر دستخط کے حوالے سے وسطی لندن میں تقریب منعقد ہوئی، اس موقع پر منی گرام انٹرنیشنل کے چیئرمین ایلیکس ہولمز نے کہا کہ منی گرام کا شمار دنیا کی بڑی منی ٹرانسفر کمپنیوں میں ہوتا ہے، دو سو ممالک میں ساڑھے تین لاکھ مقامات سے منی گرام کے ذریعے دنیا بھر میں رقوم بھجوائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نقد رقم وصول کرنے کا طریقہ کافی مقبول ہے لیکن اب بینک اکائونٹ میں بھی رقم وصول کرنے کا طریقہ مقبول ہورہا ہے اس لئے ہم نے الفلاح بینک کے ساتھ اشتراک کیا ہے جس کے بعد 50ملین صارفین اپنے بینک اکائونٹ میں رقم وصول کرسکیں گے جس سے صارفین کو سہولت میسر ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ صرف برطانیہ سے 105بلین پونڈ ہر سال پاکستان بھجوائے جاتے ہیں اور برطانیہ بھر میں ہماری سروسز بآسانی دستیاب ہیں۔ صارفین، پوسٹ آفس، ٹیسکو سپرمارکیٹ سمیت 10ہزار ریٹلیرز رقم بھجوا سکتے ہیں۔ ایلیکس ہولمز نے کہا کہ آن لائن کے علاوہ ہماری ایپ ڈائون لوڈ کرکے بھی رقم آسانی کے ساتھ بھجوائی جاسکتی ہے۔ اور یہ سروس عوام میں انتہائی مقبول ہے۔ الفلاح بینک کے گروپ ہیڈ کارپوریٹ انوسٹمنٹ بینکنگ اور انٹرنیشنل بزنس بلال اصغر نے کہا کہ اس سروس کے آغاز کے بعد برطانیہ بھر میں آباد پاکستانی اب پورے اطمنان اور اعتماد کے ساتھ اپنی رقم پاکستان بھجوا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سروس کے آغاز سے صارفین کو رقم بھجوانے اور وصول کرنے کے حوالے سے مزید سہولتیں ملیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت ترسیلات زر کی ضرورت بھی ہے اور یہ ترسیلات پاکستان کی معیشت کی بہتری کیلئے کارٓامد ثابت ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی اگر اپنے وطن میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں یا اپنے پیاروں کو رقوم بھجوانا چاہتے ہیں تو اب انہیں آسانی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسٹیٹ بینک کے ساتھ ملکر کام کررہے ہیں اور ہمارا مقصد اپنے وطن کی ترقی اور اسے مستحکم کرنا ہے۔ تقریب میں شریک وزیراعظم پاکستان عمران خان کے معاون برائے اوورسیز انوسٹمنٹ صاحبزادہ جہانگیر نے کہا کہ منی گرام جیسے بڑے ادارے کا الفلاح بینک کے ساتھ معاہدہ ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی اب حوالہ یا ہنڈی کی بجائے قانونی طریقے سے رقوم بھجوانے کو یقینی بنائیں۔ یہ طریقہ کار محفوظ بھی ہے اور ان کا ریٹ بھی اچھا پے۔ ورلڈ کانگریس آف اوورسیز پاکستانیز کے چیئرمین ناہید رندھاوا نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے ضروری ہے کہ پاکستان میں رقوم قانونی طریقے سے جائیں کیونکہ ہماری معیشت کو اس وقت سرمائے کی سخت ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانونی طریقے سے بھجوائی جانے والی رقم سے پاکستان میں سرمایہ کاری بھی آسانی سے ممکن ہے۔

تازہ ترین