• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مولانا مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے دھرنا دے رہے ہیں: محمود الرشید

پنجاب کے وزیرِ ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ میاں محمود الرشید کا کہنا ہے کے مولانا فضل الرحمٰن مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے دھرنا دے رہے ہیں۔

ملتان میں نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کی مجوزہ جگہ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن کے بھائی اور ان کی پارٹی کے رہنما اکرم درانی کے خلاف نیب میں تحقیقات جاری ہیں۔

محمود الرشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کے دھرنے میں ابھی 15 دن باقی ہیں، پتہ نہیں یہ دھرنا ہوتا بھی ہے یا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ملک میں مہنگائی بڑھی ہے، لیکن تاجر طبقے نے زیادہ مہنگائی کر رکھی ہے، اس کے لئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹ اتھارٹی قائم کریں گے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ملکی معیشت کو بہتر کرنے کے لیے مشکل فیصلے کیے اور اب معیشت کی بہتری کے اشارے ملنا شروع ہو گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: محمود الرشید سے پی ایچ اے ریفارمز کمیٹی کی ملاقات

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میاں شہباز شریف بھی آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں اندر ہوئے اور ہم ایسا کچھ نہیں کرنا چاہتے ہر کام قواعد و ضوابط کے مطابق کریں گے۔

محمود الرشید نے یہ بھی کہا کہ اس منصوبے کے آغاز میں تھوڑی دیر ہو گئی ہے، پرائیویٹ سیکٹر کو بھی نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے میں اپنا پارٹنر بنا رہے ہیں۔

تازہ ترین