• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’لیگی وفد نواز شریف کا خط لے کر فضل الرحمان سے ملے گا‘‘

مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ن لیگ کا وفد کل مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کرے گا۔

’’لیگی وفد نواز شریف کا خط لے کر فضل الرحمان سے ملے گا‘‘


لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ن لیگی وفد نواز شریف کا خط لے کر فضل الرحمان سے ملے گا، نواز شریف نے اپنے خط میں کہا ہے کہ ایک بھر پور مہم شروع کی جائے تاکہ اس حکومت سے نجات حاصل کی جا سکی۔

احسن اقبال نے کہا ہے کہ نواز شریف نے اپنے خط میں پارٹی کے لیئے مکمل گائیڈ لائنز لکھی ہیں، ملک کے موجودہ حالات وہ نہیں جس کی بنیاد ن لیگ نے رکھی تھی۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ نواز شریف کے خط کی روشنی میں مولانا فضل الرحمان سے مشاورت کی جائے گی اور آزادی مارچ میں شرکت کی حکمت عملی بنائی جائے گی۔

احسن اقبال نے کہا کہ پارٹی کا پالیسی بیان صدر، جنرل سیکرٹری اور پارٹی ترجمان دینے کے مجاز ہیں، اس کے علاوہ کسی اور رہنما کا بیان ان کی ذاتی رائے ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں پوری پارٹی متحد ہے، شہباز شریف پارٹی کے صدر ہیں اور رہیں گے، اس بارے میں کسی کو دو رائے نہیں رکھنی چاہیے اور ن لیگ میں کسی قسم کی تقسیم یا اختلاف نہیں ہے جبکہ پارٹی میں لوگوں کی مختلف رائے ہو سکتی ہیں، لیکن ہمارے قائد نواز شریف کا فیصلہ حتمی فیصلہ ہوتا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کی معیشت ڈوب رہی ہے اور اسٹاک مارکیٹ زوال کا شکار ہے جبکہ پاکستان کی معیشت دنیا میں خیراتی معیشت بن گئی ہے، اپنا ملک تباہ ہو رہا ہے اور وزیر اعظم بہانے بہانے سے غیر ملکی دورے کر رہے ہیں۔

تازہ ترین