• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پروفیسر قتل کیس،3مشتبہ افراد ،آج گرفتاری کا امکان

کراچی (افضل ندیم ڈوگر) کراچی کے علاقے کلفٹن میں پروفیسر اور ان کے امریکی شہری بیٹے کے قتل کے سلسلے میں پولیس نے 3 مرکزی مشتبہ افراد شارٹ لسٹ کر لئے ہیں، پیر کی سہ پہر تیکنیکی شواہد ملنے کی صورت میں انہیں گرفتار کئے جانے کا امکان ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی کے سابق پروفیسر فصیح عثمانی اور ان کے امریکہ پلٹ بیٹے کامران عثمانی کے قتل میں اس خاندان کے انتہائی قریب رشتہ داروں کے ملوث ہونے کا شبہ ہے۔ ایس ایس سی ساؤتھ شیراز نذیر نے "جنگ" کو بتایا کہ اب تک کی تفتیش کے دوران یہ یقینی طور پر کہا جاسکتا ہے کہ ملزمان گھر اور خاندان کے 100 فیصد بھیدی اور ان کی تعداد دو یا اس سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوران تفتیش ایک اہم نقطہ یہ بھی سامنے آیا ہے کہ ملزمان نے واردات کے بعد شواہد مٹانے کیلئے گھر کے فرش پر پونچھا لگایا۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن طارق دھاریجو کے مطابق ایسے بھی شواہد ملے ہیں کہ ملزم یا ملزمان نے پرسکون انداز میں واردات کرنے کے بعد شواہد مٹائے۔ آلہ قتل اور اپنے ہاتھ دھوئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تفتیشی ٹیمیں 24 گھنٹے کام کر رہی ہیں۔ اب تک اس خاندان کے انتہائی قریبی 3 افراد کو شارٹ لسٹ کرلیا گیا ہے جن کے خلاف تیکنیکی شواہد پیر کی سہہ پہر تک مل جائیں گے۔ شواہد مثبت آنے کی صورت میں ملزمان کی فوری گرفتاریاں متوقع ہیں۔
تازہ ترین