• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایڈورڈ کالج کے معاملے پر نفرت نہ پھیلائی جائے، مسلم و مسیحی کمیونٹی

مانچسٹر(نمائندہ جنگ) ایڈورڈ کالج پشاور کے معاملات پر غور کے لئے مانچسٹر کی مسیحی اور مسلمان کمیونٹی کا ایک مشرکہ اجلاس سپیکر ہاؤس میں منعقد ہوا جس کی صدارت چوہدری شفیق الزمان نے کی جبکہ مہمان خصوصی نصر اللہ خان مغل تھے- نظامت کے فرائض محبوب الٰہی بٹ نے سرانجام دیئے- اجلاس میں بزرگ مسیحی رہنما جارج فیلکس اور چوہدری پرویز مسیحی مٹو نے خصوصی طور پر شرکت کی- اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء نے کہا کہ ایڈورڈ کالج کے معاملے پر سوشل میڈیا پر چلنے والی معلومات ناکافی ہیں اور ان میں تضاد پایا جاتا ہے- ایسے میں کوئی احتجاج یا مظاہرہ غیر ضروری ہے- اجلاس میں زور دیا گیا کہ اس معاملے میں مستند معلومات کے حصول کے لئے ڈائسسز آف پشاور سے رابطہ قائم کیا جائے اور ان سے معلومات حاصل کی جائیں نیز ان سے دریافت کیا جائے کہ انہیں بیرون ملک مقیم کمیونٹی سے کس قسم کی مدد درکار ہے- اجلاس میں مسیحی کمیونٹی پر زور دیا گیا کہ وہ اس معاملے میں حقائق جانے بغیر سوشل میڈیا پر نفرت آمیز رویہ اختیار نہ کریں اور کوشش کریں کے معاملے کے تہہ تک پہنچ کر ہی کوئی فیصلہ کیا جائے- اجلاس میں کمیونٹی کے وسیع تر مفاد کے لئے مسلمان اور مسیحی کمیونٹی کے مشترکہ اجلاس کو سراہا گیا اور ایسے مزید اجلاسوں کی ضرورت پر زور دیا گیا ۔
تازہ ترین