جاپان میں سمندری طوفان نے تباہی مچادی، مختلف حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد66 ہوگئی۔
جاپان میں تیسرے روز بھی طوفان سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ حکام نے 66 افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے، جس میں اضافے کا امکان ہے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق طوفان کے باعث کئی پروازیں منسوخ ہوچکی ہیں اور ڈیڑھ لاکھ گھروں کو بجلی کی فراہمی بھی معطل ہے۔
بارشوں کے باعث ملک بھر میں 200 دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہے جبکہ140 مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آئے ہیں۔
70 لاکھ سے زائد افراد طوفان کے باعث اپنے گھروں کو چھوڑ کر محفوظ مقام پر منتقل ہوگئے جبکہ شیلٹر ہومز میں صرف 50 ہزار افراد موجود ہیں۔
حکام نے مزید بارشوں کے خطرے کے پیش نظر شہریوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔