• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ پنجاب کا چلڈرن اسپتال کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب کا چلڈرن اسپتال کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا اعلان


وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے چلڈرن اسپتال کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا اعلان کردیا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت ارفع کریم ٹاور میں اجلاس ہوا، جس میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، سیکریٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، پرنسپل سیکریٹری وزیراعلیٰ اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں ڈینگی کی صورتحال، تدارک کے اقدامات اور علاج معالجے کی سہولتوں میں بہتری لانے کے پروگرام پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

عثمان بزدار نے ڈینگی پر قابو پانے کیلئے مزید مؤثر انداز میں سرویلنس جاری رکھنے کی ہدایت کی اور کہا کہ آؤٹ ڈور اور اِن ڈور سرویلنس پر پوری توجہ دی جائے، انسداد ڈینگی کے اقدامات میں تساہل کی کوئی گنجائش نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ینگ ڈاکٹرز کی جانب سے احتجاج اور ہڑتال کا کوئی جواز نہیں، اسپتالوں میں مریضوں کا اعلاج کرنا ڈاکٹروں کی بنیادی ذمے داری ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ ہڑتال ڈاکٹری جیسے باوقار پیشے کو زیب نہیں دیتی، معاملہ افہام و تفہیم کے ساتھ جلد حل کیاجائے اور مریضوں کو اسپتالوں میں علاج معالجے کے حوالے سےکوئی دقت نہیں ہونی چاہئے۔

اس موقع پر عثمان بزدار نے چلڈرن اسپتال کی پارکنگ کا جائزہ لیا، انہیں بریفنگ میں بتایا گیا کہ سڑک پر گاڑیاں کھڑی کرنے سے مریضوں، ان کے تیمارداروں اور دیگر لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ چلڈرن اسپتال کو یونیورسٹی کا درجہ دیا جائے گا، اسپتال کی پارکنگ کو بہتر بنانے کی ہدایت کردی ہے، یہ مسئلہ جلد ہی حل کیا جائے گا۔

تازہ ترین