• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے، روپے کے مقابلے میں ڈالر کی اونچی اُڑان اور معاشی صورتحال کو بہانہ بنا کر ملک میں مہنگائی کا جو طوفان گزشتہ کئی ماہ سے بپا ہے وہ کسی طرح تھمنے میں نہیں آ رہا۔ بلا شبہ یہ سب عوامل کسی نہ کسی طرح مہنگائی میں اضافے کا سبب بنتے ہیں مگر اِن عوامل کو وجہ بنا کر ناجائز منافع خوری کی جو روش ہمارے معاشرے میں چل نکلی ہے وہ کسی بھی طرح حوصلہ افزاء نہیں ہے۔ معمولی ریڑھی والے سے لے کر بڑے سے بڑے بزنس مین تک، ہر کوئی ناجائز منافع کیلئے مصنوعی مہنگائی کو بہانہ بنا کر شہریوں کا استحصال کر رہا ہے۔ ناجائز منافع خوری اور مصنوعی مہنگائی پر قابو پانے کیلئے پنجاب کے صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیرصدارت سول سیکرٹریٹ میں ٹاسک فورس برائے پرائس کنٹرول کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں پرائس کنٹرول میکانزم، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب کے تمام اضلاع میں آٹا، چینی، گھی سمیت 18اشیائے ضروریہ کی خصوصی مانیٹرنگ کا فیصلہ کیا گیا۔ اِس موقع پر میاں اسلم اقبال نے کہا کہ پرائس کنٹرول میکانزم اور طے شدہ اشیا کی قیمتوں پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان نے بھی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے تمام وزرائے اعلیٰ اور صوبائی حکام کا اجلاس جمعہ کو طلب کیا ہے اور ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کی ہدایت کر دی ہے۔ امید کی جاتی ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے یہ اقدام ثمر آور ثابت ہوں گے اور نہ صرف ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا بلکہ ریڑھی والے سے لے کر ہر چھوٹے بڑے بزنس مین کو سرکاری ریٹ لسٹ کا پابند بنایا جائے گا۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998

تازہ ترین