• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کےالیکٹرک آل پاکستان فٹ بال کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی

محمد رسول کی شاندار ہیٹ ٹرک کی بدولت کے الیکٹرک نے آل پاکستان یوم یکجہتی کشمیر فٹبال ٹورنامنٹ میں لاہور واپڈا کو باآسانی 5-0 سے ہرا کر سیمی فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

پہلا سیمی فائنل بدھ16 اکتوبر کو ایشیا گھی مل اور کریسنٹ ٹیکسٹائل ملز فیصل آباد کے درمیان کھیلا جائے گا۔

لیہ میں جاری آل پاکستان یوم یکجہتی کشمیر فٹبال ٹورنامنٹ کے آخری کوارٹر فائنل میں کراچی کی کے الیکٹرک نے ہیڈ کوچ حسن بلوچ کی زیر نگرانی این ٹی ڈی سی لاہور واپڈا کو باآسانی 5-0 سے زیر کیا۔

کھیل کے پہلے ہاف میں نعمان ڈوڈو کے 2 بہترین پاس پر پہلے انٹرنیشنل محمد رسول نے اور دوسرا گول انٹرنیشنل محمد ریاض نے اسکور کرکے اپنی ٹیم کی سبقت کو 2-0 کردیا جبکہ وقفے سے قبل مرتضیٰ حسین نے تیسرا گول کیا ۔

کھیل کے پہلے ہاف میں کے الیکٹرک کی ٹیم 3-0 سے جیت رہی تھی، دوسرے ہاف میں این ٹی ڈی سی لاہور واپڈا نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن کے ای کے تابڑ توڑ حملوں کو اس کے کھلاڑی روک نہ سکے۔

دوسرے ہاف میں انٹرنیشنل محمد رسول کا کھیل نمایاں رہا، اس نے تین بار گیند کو جال میں پہنچاکر میچ میں اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی اور کے الیکٹرک کو سیمی فائنل میں پہنچادیا ۔

کے الیکٹرک دوسرے سیمی فائنل میں جمعرات17 اکتوبر کو آتش فٹبال کلب ٹانگ کے مد مقابل آئے گی ۔

تازہ ترین