• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نہم جماعت سائنس کے نتائج، شکایات کی تفصیلات جمع کرنیکی ہدایت

کراچی(اسٹاف رپورٹر) نہم جماعت سائنس گروپ سال 2019کے نتائج سے متعلق شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے کہا ہے کہ طلباء و طالبات والدین اور اسکول سربراہان کا نتائج سے متعلق کسی بھی قسم کی شکایت کا فوری طور پر ازالہ کیا جائے گا اور ہر بچے کو اس کے امتحان کا حقیقی نتیجہ ضرور ملے گا ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اسکول سربراہان کو اگر سیریز میں غلطی کا احساس یا شکایت ہو تو اس کو اسکروٹنی کے مرحلے سے نہیں گزرنا پڑے گا وہ اسکول لیٹر ہیڈ پر بچوں کے نام، رول نمبر اور مضمون جس کے نتیجے سے متعلق شکایت ہو لکھ کر مارک شیٹ کی فوٹو کاپی کے ساتھ ناظم امتحانات کے دفتر میں جمع کرا دیں، دو سے تین روز میں مکمل جانچ پڑتال کے بعد اسکول سربراہ یا اس کے مجاز نمائندے کو بورڈ آفس بلا کر درست نتیجے سے آگاہ کر دیا جائے گا اور اس کو امتحانی کاپیاں بھی دکھا دی جائیں گی۔ ڈاکٹر سعید الدین نے کہا کہ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی ایک بڑا تعلیمی بورڈ ہے جس میں 20لاکھ سے زائد امتحانی کاپیاں چیک ہوتی ہیں اسی لئے ماضی میں بھی سسٹم یا انسانی غلطی کے سبب شکایات سامنے آتی رہی ہیں لیکن ان شکایات کو حل کر لیا جاتا ہے انہوں نے تمام ذمہ دار افسران کو بھی خصوصی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ کم سے کم وقت میں تمام شکایات کو میرٹ پر والدین اور اسکول سربراہان کی تسلی کے مطابق دور کیا جائے۔

تازہ ترین