آپ آف لائن ہیں
جنگ ای پیپر
جمعہ24؍ ربیع الاوّل 1441ھ 22؍ نومبر 2019ء
Namaz Timing
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
تازہ ترین
آج کا اخبار
کالمز

بنگلہ دیشی وفد کا نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا دورہ

بنگلہ دیشی وفد کا نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا دورہ
پی سی بی ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان نے مہمان وفد کو اسٹیڈیم میں سہولیات اور انتظامات پر بریفنگ دی۔

بنگلہ دیش کی مختلف ٹیموں کے دورہ پاکستان سے قبل مختلف شہروں میں سیکیورٹی معاملات کا جائزہ لینے کے لیے آنے والے بنگلہ دیشی وفد نے جمعہ کو نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کیا، پی سی بی ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان نے مہمان وفد کو اسٹیڈیم میں سہولیات اور انتظامات پر بریفنگ دی۔

چار رکنی بنگلہ دیشی وفد جمعرات کی شب کراچی پہنچا تھا، وفد آج نیشنل اسٹیڈیم پہنچا تو ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان اور منیجر سیکیورٹیز کرنل عثمان انواری نے انہیں سیکیورٹی سمیت دیگر انتظامات پر بریفنگ دی، اس موقع پر سیکیورٹی اداروں کے نمائندے بھی موجود تھے۔

بنگلہ دیشی وفد کا نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا دورہ
بنگلا دیشی وفد کے اراکین نے اسٹیڈیم کے مختلف حصوں کی تصاویر بھی بنائیں۔

بنگلہ دیشی وفد نے جنرل اسٹینڈز سمیت اسٹیڈیم کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔ اسٹیڈیم کا دورہ کرنے والے وفد کے اراکین نے مختلف حصوں کی تصاویر بھی بنائیں جبکہ موبائل کنٹرول سینٹر کا بھی معائنہ کیا۔

بنگلہ دیشی وفد کو ٹیم بس کی باکس سیکیورٹی کا بھی بتایا گیا۔ اس سے قبل بنگلہ دیشی وفد نے ہوم سیکریٹری سے بھی ملاقات کی، جس میں بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے شیڈولڈ دورہ پاکستان میں کراچی میں میچز کے حوالے سے انتظامات پر بات چیت کی گئی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان نے اس موقع پر میڈیا کو بتایا کہ بنگلہ دیشی وفد کو تفصیلی بریفنگ دی گئی ہے، وہ دورے کے بعد رپورٹ بنگلہ دیشی حکومت اور بورڈ کو پیش کریں گے۔

بنگلہ دیشی وفد کا نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا دورہ
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان نے بنگلہ دیشی وفد کو تفصیلی بریفنگ دی۔

ذاکر خان نے ایک سوال پر کہا کہ وہ اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے کہ وفد مطمئن تھا یا نہیں، لیکن پی سی بی نے اپنی جانب سے تمام معاملات پر پوری بریفنگ دی ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ بنگلہ دیش کی ویمن اور جونئیر ٹیم پروگرام کے مطابق آئندہ ہفتے پاکستان پہنچے گی۔

ایک سوال پر ذاکر خان کا کہنا تھا کہ پی سی بی نے بنگلہ دیشی وفد کو سری لنکن ٹیم کے دورہ پاکستان کے دوران بھی یہاں آنے کی دعوت دی تھی تاکہ وہ معاملات کو عملی طور پر دیکھ سکیں۔

بنگلہ دیشی وفد کا نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا دورہ
بنگلہ دیشی وفد قذافی اسٹیڈیم لاہور کا بھی دورہ کرے گا۔

واضح رہے کہ بنگلہ دیش کی خواتین کرکٹ ٹیم کو 23 اکتوبر کو پاکستان ویمن کیخلاف پانچ محدود اوورز کے میچز کیلئے لاہور پہنچنا ہے جبکہ اس ہی ماہ اس کی انڈر۔16 ٹیم کو بھی پاکستان آنا ہے۔

ماہرین کے مطابق ویمن ٹیم کا دورہ اگر ہوا تو وہ جنوری میں طے بنگلہ دیشی ٹیم کے دورہ پاکستان کی راہیں بھی ہموار کردے گا۔

بنگلہ دیشی وفد کل شام لاہور روانہ ہوگا، جہاں وہ قذافی اسٹیڈیم کا دورہ کرے گا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید