• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بوکھلاہٹ کا شکار بھارت امن تباہ کرنا چاہتا ہے: شاہ محمود قریشی

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہے جو خطے کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے۔

بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر آج کی جانے والی بلااشتعال فائرنگ پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے ایک بیان میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت نے جھوٹا دعویٰ کر کے بالا کوٹ پر حملہ کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ بالا کوٹ حملے سے متعلق بھارتی جھوٹ دنیا میں بے نقاب ہوا، دنیا نے دیکھا کہ بھارت پہاڑیوں پر بم برسا کر کچھ درختوں کو نقصان پہنچا کر بھاگ گیا تھا۔

شاہ محمود کا کہنا ہے کہ آج بھی اگر بھارت کوئی دعویٰ کر رہا ہے تو عالمی میڈیا آئے اور حقیقت دیکھ لے، ہندوستان کا پروپیگنڈا بے نقاب ہو گیا ہے۔

وزیرِ خارجہ نے کہا کہ بھارت  کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں مل رہی، جبکہ ہم نے ہمیشہ معاملات کو سلجھانے کی کوشش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے اقدامات ایسے ہیں جن سے وہ خطے کے امن کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے، بھارت دنیا کو مقبوضہ کشمیر کے حالات دیکھنے نہیں دے رہا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا ہے کہ کشمیری بھارت سے بغاوت کر چکے ہیں اور اس سے نالاں ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: بلااشتعال بھارتی فائرنگ، پاک فوج کے 3 جوان شہید

انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ترکی نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا، ہم ان کے شکر گزار ہیں، حالانکہ بھارت نے پاکستان کو بلیک لسٹ کرنے کی پوری کوشش کی۔

واضح رہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آج بھی ایل او سی کے 3 سیکٹرز پر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں پاک فوج کے لانس نائیک زاہد اور 5 شہری شہید جبکہ 2 فوجی اور ایک شہری زخمی ہوگئے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جانب سے بھارتی فوج کو منہ توڑ جواب دیا گیا ہے جس کے نتیجے میں 9 بھارتی فوجی ہلاک جبکہ کئی زخمی ہوئے ہیں۔

تازہ ترین