• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم عمران خان اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے سرگرم عمل ہیں، محمود طارق الحسن

راچڈیل (ہارون مرزا) بیرون ملک مقیم پاکستانی ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ اور احکامات جاری کیے ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار اوورسیز پاکستانی کمیشن انٹرنیشنل کنوینر محمود طارق الحسن نے مانچسٹر میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ناصر میر ،نعیم نقشبندی ،آصف بٹ ،عمران خلیل، سید فیاض شاہ ،ڈاکٹر شاہد ،چوہدری مسرت کے علاوہ دیگر ممبران نے شرکت کی اور اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کرنے کیلئے مختلف تجاویز بھی زیر غور لائیں ، اجلاس میں تنظیم سازی اور آئندہ کا لائحہ عمل بھی ترتب دیا گیا ۔ پاکستان تحریک انصاف یوکے کے سینئر رہنما ناصر میر نے روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پچھلی حکومتوں کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے بیرون ممالک کی پاکستان میں سرمایہ کاری میں ناصرف کمی واقع ہوئی تھی بلکہ اوورسیز پاکستانیوں کے اعتماد کو بھی ٹھیس پہنچایا تھا پاکستان تحریک انصاف وہ واحد جماعت ہے جس نے بڑے کم عرصہ میں ملک کی ڈوبتی ہوئی کشتی کو سہارا دیا ہے ۔
تازہ ترین