• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نتائج تبدیلی رپورٹ کے برعکس چیئرمین انٹر بورڈ کی مدت میں توسیع

کراچی(اسٹاف رپورٹر) محکمہ بورڈز و جامعات نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی میں نتائج کی تبدیلی سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ پر ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کے بجائے معاملہ دبا کر چیئرمین بورڈ کی مدت میں توسیع اور آڈٹ افسر زاہد علی لاکھو کو مستقل کردیا ہے ۔ ترجمان نثار کھوڑو کا کہنا ہے کہ انہیں معاملے کا علم نہیں جبکہ سیکرٹری بورڈز و جامعات ریاض الدین نے مؤقف دینے سے انکار کردیا ۔ محکمہ بورڈز و جامعات اور سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے 2؍ سینئر افسران پر مشتمل 2؍ رکنی تحقیقاتی کمیٹی نے انٹر بورڈ کراچی سے متعلق رپورٹ سیکرٹری بورڈ و جامعات ریاض الدین کو 21؍ مئی 2019ء کو پیش کردی تھی 7؍ صفحات پر مشتمل تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ چیئرمین بورڈ پروفیسر انعام میں انتظامی قابلیت نہیں جبکہ شجاعت ہاشمی نے متنازع امتحانی مراکز قائم کئے اور وہ غیر ذمہ دار اور نااہل افسر ثابت ہوئے۔ اکاؤنٹ افسر زاہد لاکھو نے بورڈ کے شعبہ امتحانات کے امور میں مداخلت کی۔ بورڈ کے چیئرمین اور زاہد لاکھو نے ساتھ مل کر طلبہ کو فائدہ پہنچایا، انہیں نقل کی سہولت دی اور ان کے نمبرز غیرقانونی طور پر بڑھائے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین بورڈ میں انتظامی قابلیت نہیں، وہ بورڈ کے 3؍ افسران زاہد لاکھو، شجاعت ہاشمی اور اسلم چوہان کے مشوروں پر عمل کرتے تھے جبکہ یہ تینوں افسران غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ رپورٹ میں ناظم امتحانات شجاعت ہاشمی کو عہدے سے ہٹا کر امجد علی سید کو 2؍ سے 3؍ ماہ تک کیلئے چارج دینے کی سفارش کی گئی تھی۔ رپورٹ میں چیئرمین بورڈ کے بارے میں کہا گیا تھا کہ چیئرمین بہت سی ایسی چیزوں میں ملوث ہیں جس کی اجازت قواعد نہیں دیتے تاہم وہ بورڈ آف گورنرز سے اپنی پسند اور خواہش کے مطابق فیصلے کرا لیتے ہیں۔ رپورٹ میں کہا تھا کہ بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کے منٹس منظوری کیلئے باقاعدگی سے محکمہ بورڈز و جامعات بھیجے جائیں اور اس وقت تک ان فیصلوں کو نافذ نہ کیا جائے جب تک اس کی اجازت محکمہ نہ دے۔ تاہم سیکرٹری بورڈز و جامعات ریاض الدین نے رپورٹ پر کوئی کارروائی نہیں کی اور چیئرمین بورڈ کی مدت ختم ہونے کے باوجود ان کی مدت میں تاحکم ثانی توسیع کردی گئی جبکہ آڈٹ افسر زاہد لاکھو کو بورڈ میں مستقل بھی کردیا گیا۔ محکمہ بورڈز و جامعات کے مشیر نثار کھوڑو کے ترجمان شکیل میمن نے جنگ کو بتایا کہ اس معاملے کا علم نہیں سیکرٹری بورڈز و جامعات سے اس بارے میں موقف لیا جائے۔جنگ نے سیکرٹری بورڈز و جامعات ریاض الدین سے اس بارے میں مؤقف لینے کی متعدد بار کوشش کی مگر انہوں نے نتائج کی تبدیلی، چیئرمین بورڈ کو توسیع دینے، اکاؤنٹ افسر زاہد لاکھو کو بورڈ میں مستقل کرنے کے بارے میں مؤقف دینے سے انکار کیا البتہ سندھ بھر کے تعلیمی بورڈز میں ناظم امتحانات اور سیکرٹریز کے تقرر کی سمری کے حوالے سے خبر پر اپنا موقف ضرور دیا۔
تازہ ترین