پاکستان کبڈی فیڈریشن کی ڈسپلنری کمیٹی نے بھارتی ٹیم کی طرف سے کبڈی میچ کھیلنے والے عبیداللہ راجپوت کو 12 جنوری کو طلب کر لیا۔
اس حوالے سے پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل رانا سرور نے کہا ہے کہ پاکستان کبڈی فیڈریشن نے عبیداللّٰہ راجپوت پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔
واضح رہے کہ عبیداللّٰہ راجپوت نے 16 دسمبر کو بحرین میں بھارتی ٹیم کی طرف سے میچ کھیلا تھا، انہوں نے میچ کے بعد بھارتی جھنڈا بھی اسٹیڈیم میں کندھوں پر لہرایا تھا۔
پاکستان کبڈی فیڈریشن نے سخت ایکشن لیتے ہوئےتمام کھلاڑیوں کے بغیر این او سی کھیلنے پر پابندی لگا رکھی ہے۔
بحرین کبڈی فیڈریشن نے بھی پاکستان اور بھارت کے نام سے میچ کروانے والے دونوں کلبز پر پابندی عائد کی۔
بحرین کبڈی فیڈریشن نے انڈیا یونائیٹڈ کبڈی کلب اور پاکستان واریئرز کبڈی کلب پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پابندی عائد کی ہے۔