• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گاجرمیں چھپا ہے صحت اور خوبصورتی کا خزانہ

سردیوں کی سبزی گاجر میں قدرت نےصحت اور خوبصورتی کا خزانہ چھپا رکھا ہے، گاجر کو مختلف طریقوں سےاستعمال کرنے سے بے شمار فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

غذائیت سے بھرپور گاجر میں موجود بیٹا کیروٹن، فائبر، وٹامن کے، اے، بی 6، پوٹاشیم اور اینٹی آکسیڈنٹ پائے جانے کے باعث اس کا استعمال جلد، بالوں، ہڈیوں اور خون بنانے کے لیے بے حد مفید ہے۔ اس کا جوس نکال کرپیا جاسکتا ہے، سبزی کے طور پر پکا کر، گجریلا بنا کر یا دودھ کے ساتھ پکا کر کھیر کی شکل میں بھی کھایا جا سکتا ہے۔

گاجرمیں چھپا ہے صحت اور خوبصورتی کا خزانہ


گاجر کے جوس کے فوائد حیران کُن ہیں جن کو جاننے کے بعد آپ بھی اس کا استعمال شروع کر دیں گے۔

سردیوں میں جلد کے لیے بہترین

گاجر میں موجود وٹامن اے اور اینٹی آکسیڈنٹ جز کی موجودگی کے باعث اس کے جوس کے استعمال سے جلد سے داغ دھبے غائب ہو جاتے ہیں، جلد صاف شفاف ہو جاتی ہے، چہرے پر قدرتی لالی آ جانے کے باعث چہرے کی خوبصورتی میں اضافہ ہو جاتا ہے۔

گاجر کے جوس کے روزانہ استعمال سے جلد میں قدرتی طور پر نمی پیدا ہوتی ہے جس سے مصنوعی لوشن کے استعمال کی ضرورت نہیں پڑتی، اینٹی آکسیڈنٹ اجزاء خون صاف کر دیتے ہیں جس سے سردیوں میں رنگ کھلا کھلا رہتا ہے۔

بڑھاپے کے اثرات سے بچاتی ہے

چہرے کی جُھریوں سے نجات چاہتے ہیں تو گاجر کے جوس کا روزانہ استعمال کریں، اس کا جوس جسم میں کولیجن کی پیداوار کو بڑھاتا ہے جس سے جِلد جُھریوں سے پاک اور تروتازہ و جوان رہتی ہے، اس کا باقاعدگی سے استعمال کرنے سے جھائیاں بھی صاف ہو جاتی ہیں۔

سورج کی مضر شعاؤں سے بچاؤ کا ذریعہ

گاجر میں پائے جانے والا بیٹا کیروٹین جو ہضم ہونے کے بعد وٹامن اے کی شکل اختیار کر لیتا ہے، اس سے جلد کو سورج کی مضر شعاؤں یعنی ’الٹرا وائلٹ ریز ‘ سے بچاؤ میں مدد ملتی ہے، اینٹی آکسیڈنٹ جز کی موجودگی سے گاجر کا جوس قدرتی سن بلاک بھی ہے۔

کیل مہاسوں، پھوڑے پھنسیوں سے نجات

گاجر کے جوس میں اگر شہد بھی ملا کر پی لیا جائے تو اس کے حیرت انگیز فوائد حاصل ہو سکتے ہیں، اس سے پی ایچ لیول متوازن رہنے میں مدد ملتی ہے اور کیل مہاسوں، پھوڑے پھنسیاں بننے والے مضر مادوں کا بھی صفایا ہو جاتا ہے۔

بالوں کو مضبوط بناتا ہے

گاجر کے جوس میں بیٹا کیروٹن اور وٹامن اے پائے جانے کے سبب جھڑتے کمزور بالوں کو غذائیت ملتی ہے جس کے نتیجے میں بال جھڑنا بند ہو جاتے ہیں، اس کے جوس میں موجود وٹامن سی بھی بالوں کی دیکھ بھال میں مدد گار ثابت ہوتا ہے، اس کے استعمال سے خون کی بہتر طریقے سے پورے جسم میں ترسیل ہو پاتی ہے جس سے بالوں میں مضبوطی اور چمک آتی ہے۔

گاجر کے جوس کا روزانہ کی بنیاد پر استعمال کیا جائے تو مجموعی طور پر انسانی صحت کے لیے بہترین ثابت ہوتا ہے، بینائی کی کمزو ی کے علاج سمیت ہڈیاں مضبوط ہوتی ہیں، اس میں فائبر کی موجودگی خون اور گردوں کی صفائی میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔

تازہ ترین