• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈینگی نے کراچی میں مزید 2 بچوں کی جان لے لی

ڈینگی نے کراچی میں مزید 2بچوں کی جان لے لی


ڈینگی نے کراچی میں مزید دو بچوں کی جان لے لی، اس سال شہر میں ڈینگی سے دس ہزار سے زائد شہری متاثر ہوئے، جن میں سے 31 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سندھ کے مطابق رواں برس ملک بھر میں 45 ہزار سے زائد افراد ڈینگی کا شکار ہوئے، جن میں سے 72 جاں بحق ہوچکے ہیں۔ ڈینگی سے متاثرہ شہروں میں اسلام آباد پہلے جبکہ کراچی دوسرے نمبر پر ہے۔

کراچی کے این آئی سی ایچ اسپتال میں ڈینگی سے متاثرہ دو بچوں نے دم توڑ دیا۔ اسپتال کے سربراہ ڈاکٹر جمال رضا نے جیو نیو ز کو بتایا کہ 3 سالہ تیمور اور 3 ماہ کا موسیٰ ڈینگی سے متاثر ہونے کے بعد علاج کیلئے لائے گئے تھے۔

دو بچوں کی ہلاکت کے بعد کراچی میں اس سال ڈینگی سے جاں بحق شہریوں کی مجموعی تعداد 31 ہوگئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے : کراچی: ڈینگی نے ایک دن میں 4 جانیں لے لیں

ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سندھ ڈاکٹر مسعود سولنگی کے مطابق ملک بھر میں رواں سال 45 ہزار سے زائد افراد ڈینگی وائرس سے متاثر ہوئے۔

متاثرہ شہروں میں اسلام آباد پہلے نمبر پر رہا، جہاں 12 ہزار سے زائد افراد ڈینگی کا شکار ہوئے، دوسرے نمبر پر کراچی رہا، جہاں بچوں اور خواتین سمیت 10 ہزار سے زائد شہری ڈینگی میں مبتلا ہوچکے ہیں۔

ملک بھر میں 72 افراد ڈینگی کے باعث جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

دوسری جانب ترجمان انسداد ڈینگی پروگرام سندھ کے مطابق کراچی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 186 افراد ڈینگی وائرس کا شکار ہوئے، صوبے کے دیگر اضلاع کے متاثرہ افراد کی تعداد 682 تک جا پہنچی ہے۔

تازہ ترین