• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گیس پریشر اور لوڈشیڈنگ:جمعیت نظریاتی نے 14نومبرکو اے پی سی طلب کرلی

کوئٹہ(آئی این پی)جمعیت نظریاتی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سیدحاجی عبدالستارچشتی نے کہاہے کہ گیس پریشر کمی اور لوڈشیڈنگ کے مسئلے پر جمعیت نظریاتی نے 14نومبرکو اے پی سی بلائی ہے۔ جس میں گیس پریشر کی کمی،میٹر ٹمپرنگ کے بے بنیاد الزامات پر لاکھوں جرمانے اور بجلی کی لوڈشیڈنگ اورڈیجیٹل میٹر سے واپڈا کی لوٹ مار پر تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے لائحہ عمل طے کرینگے۔عوام کواحتجاج پر مجبور کردیا گیا گیس کا مصنوعی بحران جان بوجھ کر پیدا کیا گیا، گرمیوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا عذاب جبکہ سردیوں میں گیس پریشر غائب ہوجاتا ہے جس سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ جی ایم صرف طفل تسلیاں دے کر جان چھڑاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی حسب روایت گیس غائب ہوجاتی ہے۔ بلوچستان کے اکثر علاقے توگیس سے محروم ہیں اور جن علاقوں میں گیس ہے سردی آنے سے پہلے گیس غائب ہوجاتی ہے، انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے باسی بلوچستان سے نکلنے والی گیس سے محروم ہیں سردی شروع ہوتے ہی گیس کا مصنوعی بحران پیداکیاجاتاہے عوام کی مجبوریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے گیس کا مصنوعی بحران ختم کرکے عوام کو گیس کی فراہمی فوری طور پر بحال کرکے گیس پریشر کا مسئلہ حل کیا جائے۔ ،انہوں نے کہاکہ گیس پریشر میں کمی پرسوئی سدرن گیس کمپنی کے ناروا اقدامات اور ناانصافیوں کے خلاف میدان میں نکلنے کے سوا کوئی آپشن باقی نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ وولٹیج کی کمی سے عوام متاثر جبکہ پانی کے بحران کا بھی سبب بن رہا ہے۔
تازہ ترین