• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیا آپ کو ایک عمدہ کچن کی تعمیر کے لیے جگہ کی کمی کا سامنا ہے؟ کیا آپ اپارٹمنٹ یا چھوٹے گھر میں جگہ کی کمی کے باعث ایک عمدہ اور دیدہ زیب کچن کی تعمیر کا خواب پورا نہیں کرپارہے؟ اگر ایسا ہے توپہلےیہ جان لیں کہ جگہ چھوٹی ہونے کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ آپ اس کو اپنی پسند کے مطابق نہیں ڈھال سکتے، بس ضرورت اس بات کی ہوتی ہے کہ آپ دوران تعمیر کتنی فہم وفراست سے کام لیتے ہیں۔یہ سچ ہے کہ کم جگہ پر بھی ایک خوبصورت ڈیزائن اور اسٹائل والے کچن کی تعمیر ممکن بنائی جاسکتی ہے، آئیے جانتے ہیں کیسے۔

ون وال کچن آئیڈیا

ایک دیوار کے ساتھ تعمیر کیا گیا کچن عام طور پر اسٹوڈیو اپارٹمنٹ یا اوپن فلور پلان کیلئے مقبول ہے۔ ایسے کچن عموماً ایک دیوار کے ساتھ تعمیر کروائے جاتے ہیں، جو کہ نہ صرف کم جگہ گھیرتے ہیں بلکہ اس قسم کے کچن کی تعمیر پر لاگت بھی کم آتی ہے۔ محدود جگہ اور کم تعمیراتی لاگت کے باعث لازمی نہیں کہ یہ کچن جدید سہولیات اور ٹرینڈ سے آراستہ نہ ہو۔ 

ایسے کچن کی پلاننگ کے دوران اس میں تمام اپلائنسز، کیبنٹس اور کاؤنٹر ٹاپ کی جگہ پہلے ہی مختص کردی جاتی ہے، جس کے باعث یہ دیگر کچن لے آؤٹ کی طرح مکینوں کو تمام سہولیات بآسانی فراہم کرتا ہے۔ ون وال کچن میں آپ کا ریفریجریٹر اورسنک ایک ہی دیوار میں نصب ہوتا ہے جبکہ دیگر لے آؤٹ میں یہ دونوں اپلائنسز الگ الگ دیواروں میں نصب کروائے جاتے ہیں۔

تعمیراتی ماہرین کی جانب سے وَن وال کچن میں جدت پیدا کرنے کے لیے کرسیوں کے ساتھ کاؤنٹر ٹاپ شامل کردیا گیا ہے جو کہ مکینوں کو کام کی جگہ میں وسعت فراہم کرتا ہے۔ آپ جگہ کی مناسبت سے چھوٹی سی ڈائننگ یا کنسول ٹیبل کے ذریعے بھی اپنے کچن کو جدید اور خوبصورت انداز دے سکتے ہیں۔ دوسری جانب چھوٹے کچن کو فوکل پوائنٹ دینے کی ضرورت نہیں ہوتی، لہٰذا آپ اس ایریا کو سلائیڈنگ ڈور کی مدد سے ایک نیا اسٹائل بھی دے سکتے ہیں ۔

گیلری اسٹائل کچن

اربن اسٹائل اپارٹمنٹ میں دو متوازی دیواروں کے ساتھ بنایا گیا گیلری نما کچن خاصا مقبول ہے۔ یہ کچن چھوٹی اور کم جگہ کے لیے بہترین اور مناسب رہتا ہے۔ گیلری اسٹائل کچن نہ صرف کم جگہوں پر تعمیر کیے جاسکتے ہیں بلکہ یہ بھرپور فوائد بھی لیے ہوتے ہیں مثلاً اس اسٹائل کا کچن کم جگہ پر دو دیواروں میں اسٹوریج اوردیگر چیزوں کے لیے زیادہ جگہ فراہم کرتا ہے۔ 

کھانا پکانے کے دوران آپ کو جن چیزوں کی ضرورت ہوتی ہے، وہ پاس ہی دستیاب ہوجاتی ہیں ۔ چونکہ گیلری اسٹائل کچن اس وقت ٹرینڈ کا حصہ نہیں ہے، لہٰذا انھیں اسٹائلش اور خوبصورت انداز دینے کیلئے آپ اوپری حصوں میں بنائی جانے والے شیلف کو ہٹادیں کیونکہ انہیں ہٹانے سے نہ صرف آپ کو زیادہ جگہ مل پائیگی بلکہ اس حصے میں عمودی کیبنٹ کے ذریعے آپ زیادہ اسٹوریج کی جگہ بآسانی حاصل کرپائینگے ۔

Lشیپ کچن

L شیپ کچن عام طور پر چھوٹی فیملی اور کم جگہوں کے لیے بہترین ثابت ہوتے ہیں کیونکہ اس قسم کے کچن میں ہر چھوٹی سے چھوٹی جگہ کا کارآمد استعمال یقینی بنایا جاتا ہے۔ ایل شیپ کچن میں ایک ہی دیوار کاؤنٹر ٹاپ اور اسٹوریج کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ اس کچن میں عام طور پر ترتیب وار دو دیواریں اہم کردار ادا کرتی ہیں جبکہ باقی کی جگہ ڈائننگ یا سٹنگ ایریا کے طور پر استعمال کی جاسکتی ہے۔

ایل شیپ کچن میں موجود خالی حصے کو کام میں لانے کے لیے آپ یہاں فلوٹنگ ٹیبل نصب کرواسکتے ہیں ۔ مثلاًکچن میں خالی دیوار میں ایک کاؤنٹر ٹاپ نصب کروانے کے ذریعے اس حصے کو کارآمد بنایا جاسکتا ہے۔ چھوٹی جگہ کی خوبصورتی بڑھانے کے لیے سلیک اسٹائل پینل کیبنٹ کا انتخاب کریں، یہ آپ کے کچن کی خوبصورتی بھی بڑھائے گا اور دلکش بھی محسوس ہوگا ۔

کچن آئی لینڈ

اس وقت کچن آئی لینڈ ڈیزائن دنیا بھر میں مقبول ٹرینڈ کےطور پر جانا جاتا ہے۔ کچن آئی لینڈ کو عام طور پر گیلری اور Lشیپ کچن کا مجموعہ کہا جاتا ہے۔ ایل شیپ کچن میں ایک کاؤنٹر ٹاپ بنوایا جاتا ہے، جس کے ساتھ چند کرسیاں بھی رکھ دی جاتی ہیں۔ کچن آئی لینڈ آپ کو کام کرنے کی اضافی جگہ مہیا کرتا ہے، جس کا بظاہر باقی کچن کی اشیا اور کوکنگ ایریا سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔ اسے عام طور پر کھانا کھانے یا پھر سجاوٹی مقاصد کیلئے استعمال کیا جاتا ہے، جو جگہ کی مناسبت سے بنوایا جاسکتا ہے۔

کچن آئی لینڈ کو خوبصورت اور مزید دلچسپ بنانے کے لیے آپ اپنے کچن میں گہرے اور شوخ رنگوں کا اضافہ کرسکتے ہیں، مثلاًکاؤنٹر ٹاپ کے لیے سرخ یا مہرون رنگ منتخب کرتے ہوئے چولہوں پر ایک اسٹینڈ کا اضافہ کریں، اس طرح آپ اپنے بیش قیمت برتن وہاں لٹکا سکتے ہیں۔ یہ وہ چند منفرد آئیڈیاز ہیں جو آپ کے چھوٹے سے کچن کو دیگر کچن سے منفرد اور نمایاں کرسکتے ہیں۔

تازہ ترین