• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کے حل سے روگردانی کی، عبدالمجید کیانی

سلاؤ (پ ر) مسلم لیگ ن برطانیہ کے راجہ عبدالمجید کیانی ایڈووکیٹ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے حالات مخدوش اور پریشان کن ہیں۔ بھارت نے ہمیشہ ہی مسئلہ کشمیر سے روگردانی کی جبکہ شملہ سمجھوتہ کے تحت کشمیر پر مذاکرات کے لئے پاکستان کے ساتھ مل بیٹھنے سے بھی راہ فرار اختیار کی ہے۔ بھارت کشمیر سے متعلق منظور کی گئی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کو بھی خاطر میں نہیں لایا۔ بلکہ گزشتہ71برس سے بھارت نے کشمیریوں کا حق خودارادیت بھی دبا رکھا ہے۔ راجہ عبدالمجید کیانی ایڈووکیٹ نے کہا کہ بھارت مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر کی آئینی حیثیت بدلے یا وہاں اپنے کالے قوانین نافذ کرے۔ مگر وہ جان لے کہ تمام تر ظالمانہ اور جابرانہ فوجی ہتھکنڈوں اور سیاسی قلابازیوں کے باوجود وہ کشمیریوں کا جذبۂ آزادی سرد نہ کر سکا۔ کشمیر اب بھارت کے پنجۂ استبداد سے آزاد ہو کر رہے گا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔
تازہ ترین