• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آوارہ کتوں کی افزائش نسل روکنے اور ویکسی نیشن کیلئے پراجیکٹ پر اتفاق

پشاور (خصوصی نامہ نگار) واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) اور محکمہ لائیو سٹاک نے پشاور میں آوارہ کتوں کی افزائش اور کتوں سے انسانوں کو منتقل ہونیوالی بیماریوں خصوصاً بائولے پن کی روک تھام کے لئے مشترکہ پراجیکٹ شروع کرنے پر اتفاق کرلیا ہے جس کے لئے فوری طور پی سی ون کی تیاری شروع کر دی گئی جبکہ چیف ایگزیکٹو آفیسر سید ظفر علی شاہ نے ڈبلیو ایس ایس پی حدود میں کتوں کے اعداد وشمار جمع کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ یہ فیصلہ چیف ایگزیکٹو آفیسر سید ظفر علی شاہ کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا جس میں ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر لائیو سٹاک پشاور ڈاکٹرسید معصوم علی، ڈبلیو ایس ایس پی کے زونل منیجرز اور دیگر حکام شریک ہوئے۔ ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر لائیو سٹاک نے اجلاس کو کتوں کی افزائش روکنے، ویکسی نیشن اور آپریشن سے آگاہ کیا، دونوں اداروں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ پراجیکٹ کیلئے باضابطہ پی سی ون بنایا جائے گا ، آلات اور فنڈز کا بندوبست کیا جائے گا۔ پراجیکٹ مروجہ قوانین کے تناظر میں ڈیزائن کیا جائے گا۔
تازہ ترین