• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اردن کا اسرائیل سے اپنی زمین واپس لینے کا اعلان

اردن نے اسرائیل کو لیز پر دی گئی اپنی زمین واپس لینے کا اعلان کردیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اردن کی جانب سے غومر اور البقورہ کے علاقوں پر آج سے اسرائیلی شہریوں کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔

اردن کے حکمران شاہ عبداللہ دوئم نے کہا ہے کہ اردن معاہدے کے تحت غومر اور البقورہ کا الحاق ختم کرے گا اور دونوں علاقوں کے ہر انچ پر ہم اپنی خودمختاری نافذ کریں گے۔

اسرائیل نے 1948 کی جنگ میں شمالی اردن کے علاقے البقورہ پر قبضہ کر لیا تھا جبکہ 1967 کی جنگ میں اسرائیل نے جنوبی اردن کے علاقے غومر کا کنٹرول بھی سنبھال لیا تھا۔

1994 میں ہونے والے معاہدے کے تحت یہ علاقے اردن کو واپس مل گئے تھے لیکن اسرائیل نے ان علاقوں کو 25 سال کے لیے اردن سے لیز پر لے لیا تھا۔

اسرائیل کی جانب سے یہ علاقے زرعی اور سیاحتی مقاصد کے لیے استعمال کیے جا رہے تھے اور معاہدے کے تحت لیز کی مدت 26 اکتوبر 2019 کو ختم ہو چکی ہے۔

گزشتہ سال اردن نے اسرائیلی حکومت کو مطلع کیا تھا کہ وہ غومر اور البقورہ کے لیز کے معاہدے کی تجدید نہیں کرے گا۔

اردن نے اسرائیل کی طرف سے لیز میں توسیع کی درخواست بھی مسترد کر دی ہے۔

اردن اور اسرائیل کے درمیان حالیہ عرصے میں تعلقات میں کشیدگی دیکھنے میں آئی ہے۔

گزشتہ ماہ اپنے 2 شہریوں کی گرفتاری کے بعد اردن نے اسرائیل میں تعینات اپنے سفیر کو واپس بلایا تھا تاہم ان کی رہائی کے بعد سفیر کو واپس بھجوا دیا گیا۔

تازہ ترین